سری نگر: تاریخی لال چوک میں یوگا کی بہار

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-06-2025
کشمیر: لال چوک میں یوگا ڈے کا انعقاد
کشمیر: لال چوک میں یوگا ڈے کا انعقاد

 



سری نگر/ آواز دی وائس
لال چوک، جو جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کا دل ہے، اب امن، اتحاد اور فلاح و بہبود کی علامت بنتا جا رہا ہے، خاص طور پر 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد۔ یہاں بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریبات کے انعقاد نے علاقے کی مثبت تبدیلی کو واضح کیا ہے۔
پہلی بار 11ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر تاریخی لال چوک کے گھڑیال ٹاور کے مقام پر یوگا کا خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں، بشمول لال چوک، آج یوگا ڈے کی تقریبات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا کہ آج ساری دنیا یوگا ڈے منا رہی ہے اور اب کشمیر وادی کے لوگ بھی یوگا کو اپنا چکے ہیں۔ ہم نے تاریخی لال چوک میں یوگا ڈے منایا اور یہ پیغام دیا کہ یوگا صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے، اور اگر ہم صحت مند ہیں تو پورا ملک فٹ رہے گا۔ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں امن ہے اور وادی کی صورتِ حال ٹھیک ہے، لوگ یہاں دوبارہ آئیں۔
آج  لال چوک، آج دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ کشمیر میں اب امن ہے اور یہاں کا ماحول خوش آئند ہے۔ یوگا ڈے کی تقریبات میں بڑی تعداد میں سیاحوں نے بھی شرکت کی۔ طلبہ نے کہا کہ یوگا صحت مند طرزِ زندگی اور ذہنی دباؤ سے نجات کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ہریانہ سے آئے ایک سیاح سمت نے کہا کہ ہم یہاں گھومنے آئے تھے اور آج یوگا ڈے کے موقع پر اس پروگرام میں شامل ہونا بہت اچھا لگا۔ میں روز یوگا کرتا ہوں، اس کے بہت فائدے ہیں۔ جب سے یوگا اپنایا ہے، میری صحت بہتر ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی 2014 میں بین الاقوامی یوگا ڈے کے آغاز کی پہل کے بعد سے یوگا کی مقبولیت ہر سال بڑھ رہی ہے۔ پچھلے 11 سالوں میں کشمیر میں یوگا کو تیزی سے اپنایا گیا ہے۔ خاص طور پر نوجوانوں میں یوگا بے حد مقبول ہو چکا ہے۔ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس روزانہ کی بنیاد پر یوگا کی کئی کلاسز منعقد کر رہا ہے۔
اسی دوران، ہندوستان کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ، جو جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں، نے جموں ڈویژن کے اُدھم پور ضلع میں بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات میں شرکت کی۔