سرینگر:جموں و کشمیر کے عوام نے بدھ (17 ستمبر) کو سکون کی سانس لی۔ سرینگر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والا واحد نیشنل ہائی وے 44 تین ہفتے بعد بھاری گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا۔ اس سے ہزاروں ٹرک جو پھلوں سے لدے ہوئے تھے، ملک کے مختلف حصوں کی منڈیوں تک روانہ ہونے کے قابل ہو گئے۔
کشمیر سے پھلوں سے بھرے ٹرک مسلسل بارش اور سیلاب کی وجہ سے شاہراہ بند ہونے کے باعث کئی دنوں تک پھنسے رہے۔ 270 کلو میٹر لمبا جموں-سرینگر نیشنل ہائی وے (این ایچ 44) پچھلے ہفتے بھی کھولا گیا تھا، لیکن صرف ہلکی گاڑیوں کو ہی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ مہینے لگاتار بارش اور اچانک آنے والے سیلاب نے شاہراہ کو شدید نقصان پہنچایا تھا، جس کی وجہ سے سڑک کو بند کرنا پڑا۔
ہائی وے بھاری گاڑیوں کے لیے بند ہونے سے باغبانوں میں یہ خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ امسال کی فصل ملک کی بڑی منڈیوں تک نہیں پہنچ سکے گی۔ حکام نے وادی سے پھل باہر لے جانے کے لیے مغل روڈ کا استعمال کیا۔ ٹریفک-دیہی کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ نے کہا کہ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ پھلوں سے لدے ہوئے پھنسے ٹرکوں کو نکالنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر رکے ہوئے تمام گاڑیوں اور منڈیوں میں انتظار کر رہی گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر نکالا جائے گا۔ رویندر سنگھ نے کہا، ’’ڈرائیوروں کو چاہیے کہ وہ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے متعلق ٹریفک ہدایات پر عمل کریں اور شاہراہ پر اوورٹیکنگ سے گریز کریں۔ ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، جس سے سڑک پھر بند ہو سکتی ہے۔‘‘
Chaired a review meeting on the status of NH-44 with Chief Minister of J&K, Shri @OmarAbdullah Ji, and senior officers of the UT Administration in Delhi today.
— Nitin Gadkari (@nitin_gadkari) September 16, 2025
Despite relentless rains and a major hill slide, NHAI teams are working tirelessly to keep this key highway… pic.twitter.com/HtSuZSzMKI
کئی دنوں تک سیبوں کے ٹرک ہائی وے پر کھڑے رہنے کی وجہ سے پھل خراب ہو رہے تھے۔ ٹرک مالکان اور مقامی کسانوں نے اس کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ سیب کے عروج کے موسم میں نیشنل ہائی وے بند ہونے سے کسانوں میں سخت ناراضی تھی۔ پیر کو ہی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے نیشنل ہائی وے بند ہونے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہائی وے مرکز کا معاملہ ہے، اگر ان سے نہیں سنبھل رہا تو اسے ریاست کے حوالے کر دیں۔ میں اس بدحالی پر مرکزی وزیر برائے سڑک و ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے بات کروں گا۔ اس کے بعد منگل کو عمر عبداللہ نے نتن گڈکری سے ملاقات کی۔
میٹنگ کے بعد گڈکری نے کہا، ’’دہلی میں جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکز کے زیرانتظام علاقے کے سینئر حکام کے ساتھ این ایچ-44 کی صورتحال پر جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ لگاتار بارش اور بڑے لینڈ سلائیڈ کے باوجود، این ایچ اے آئی کی ٹیمیں اس اہم شاہراہ کو کھلا رکھنے کے لیے مسلسل محنت کر رہی ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’دو لین کا عارضی ڈائیورژن بنایا گیا ہے اور ٹریفک دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ ایک درجن سے زیادہ کھدائی کرنے والی مشینیں اور 50 سے زیادہ ارتھ موورز صفائی اور مرمت کے لیے دن رات تعینات ہیں۔ ہم پُرعزم ہیں کہ اس اہم قومی شاہراہ کو جلد از جلد مکمل صلاحیت کے ساتھ بحال کریں، تاکہ تمام سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت اور سہولت یقینی بنائی جا سکے۔‘‘