کشمیر: دہشت گردوں نے پھر لے لی دو غیر کشمیریوں کی جان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2021
کشمیر: دہشت گردوں نے پھر لے لی دو غیر کشمیریوں کی جان
کشمیر: دہشت گردوں نے پھر لے لی دو غیر کشمیریوں کی جان

 

 

سری نگر : جموں و کشمیر میں دہشت گردوں نے مسلسل دوسرے دن غیر کشمیریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اتوار کو دہشت گردوں نے کولگام میں بہار سے آئے 3 افراد کو گولی مار دی۔ ان میں سے 2 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ معلومات کے مطابق ، گولی لگنے والے تمام مزدور تھے۔ زخمی کی شناخت چونچن رشی دیو کے طور پر کی گئی ہے۔ انہیں اننت ناگ کے میڈیکل کالج ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے دو شہریوں کی شناخت راجہ رشی دیو اور جوگندر رشی دیو کے طور پر ہوئی ہے۔

 اس سے قبل ہفتے کے روز دہشت گردوں نے بہار کے ایک ہاکر اور اترپردیش کے ایک بڑھئی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ سری نگر کے عیدگاہ علاقے میں دہشت گردوں نے بہار کے ایک ہاکر کو گولی مار دی۔ اسے تشویشناک حالت میں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال لے جایا گیا ۔

جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کا نام اروند کمار ساہ تھا۔ وہ بہار کے بنکا ضلع کا رہائشی تھا اور پانی پوری فروخت کرتا تھا۔ دوسرے واقعے میں دہشت گردوں نے ہفتے کے روز ہی پلوامہ میں صغیر احمد نامی شخص کو گولی مار دی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگیا۔ یوپی کا رہنے والا صغیر ایک بڑھئی کا کام کرتا تھا۔