سری نگر: چیف جسٹس بی آر گوئی نے اتوار کے روز کہا کہ اگر لوگوں کو اپنے حقوق کا علم نہ ہو تو وہ حقوق بے معنی ہو جاتے ہیں۔ اُنہوں نے شہریوں کو ان کے آئینی حقوق سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انصاف تبھی ممکن ہے جب آخری فرد تک قانونی سہولیات پہنچائی جائیں۔
وہ قومی قانونی خدمات اتھارٹی (NALSA) کے شمالی زون کے علاقائی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جہاں اُنہوں نے جموں و کشمیر میں ماضی کی پیچیدگیوں کو دور کرنے اور وادی کو اُس قدیم دور کی طرف لوٹانے کی بات کی جہاں تمام مذاہب اور برادریاں باہمی ہم آہنگی کے ساتھ رہتی تھیں۔
چیف جسٹس گوئی نے کہا: انصاف کی فراہمی میں ججوں اور وکلاء کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ نالسا اسی سمت میں کام کر رہا ہے۔ ہم نالسا کی خدمات کو ملک کے دور دراز علاقوں، جیسے لداخ، شمال مشرقی ریاستوں اور راجستھان تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جب تک لوگوں کو ان کے حقوق کی معلومات نہیں ہوں گی، وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔
انہوں نے جموں و کشمیر کی گزشتہ 35 سالہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ سماجی و قانونی پیچیدگیاں رہی ہیں جنہیں دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا:کچھ خامیاں ضرور رہی ہیں، مگر ہمیں انہیں ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ججوں اور وکلا کے درمیان یہ مکالمہ ایک نیا وژن دے گا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ پروگرام اس روایتی کشمیری معاشرے کی تعمیر نو میں مددگار ہوگا، جہاں ہندو، مسلمان، سکھ مل جل کر رہتے تھے۔
چیف جسٹس نے زور دیا کہ نالسا کو چاہیے کہ وہ ملک کے سب سے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کے شہریوں تک آئینی انصاف کی رسائی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا: ہم نے ملک کے آئین کے ذریعے خود سے وعدہ کیا ہے کہ ہم ہر شہری کو سیاسی، سماجی اور معاشی انصاف فراہم کریں گے۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان اصولوں کو خلوص نیت سے نافذ کریں۔ قانونی برادری کو آئین کے اصل جذبے سے وابستگی دکھانی چاہیے۔
چیف جسٹس گوئی نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ‘ایک شخص، ایک ووٹ’ کے ذریعے سیاسی انصاف کو ممکن بنایا، لیکن ساتھ ہی آئینی بانیوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ معاشرے میں طبقات اور علاقوں کے درمیان تفاوت کو ختم کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے جموں، کشمیر اور لداخ کے اپنے سابقہ دوروں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے لوگوں نے انہیں بے حد محبت اور عزت دی، اور وہ خود کو اپنے آبائی وطن میں محسوس کرتے ہیں۔ چیف جسٹس گوئی نے کہا: یہاں کی صوفی روایت ہندوستان کے آئینی سیکولرزم کو تقویت دیتی ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والے درگاہوں، مندروں اور عبادت گاہوں میں آتے ہیں، اور یہ ہماری رواداری کی عکاسی ہے۔
آخر میں، جب جموں، کشمیر اور لداخ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کیے، تو چیف جسٹس گوئی نے کہا کہ اگرچہ ان امور پر فیصلہ لینا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لیکن وہ انہیں کولجیئم اور متعلقہ حکام تک ضرور پہنچائیں گے۔