کشمیر:راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نظربند

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
کشمیر:راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نظربند
کشمیر:راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نظربند

 



سرینگر: جموں و کشمیر کے ڈوڈہ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے رکن اسمبلی (ایم ایل اے) مہراج ملک کی حراست کے خلاف پارٹی جارحانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ یکجہتی کے اظہار کے لیے آپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ سری نگر پہنچے ہیں۔

اس دوران آپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سنجے سنگھ کو جموں و کشمیر میں نظر بند (ہاؤس اریسٹ) کر دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے گیٹ کے باہر تالا لگا دیا۔ اس کے بعد نیشنل کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ ان سے ملنے پہنچے۔ یہاں سنجے سنگھ نے گیٹ پر چڑھ کر عبداللہ سے بات کی۔ سنجے سنگھ نے کیا دعویٰ کیا؟

سنجے سنگھ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: بہت دکھ کی بات ہے کہ جموں و کشمیر کے کئی بار وزیراعلیٰ رہے ڈاکٹر فاروق عبداللہ پولیس کی جانب سے مجھے ہاؤس اریسٹ کیے جانے کی خبر سن کر مجھ سے ملنے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں آئے لیکن انہیں مجھ سے ملنے نہیں دیا گیا۔ یہ تاناشاہی نہیں تو اور کیا ہے؟ تقریباً ایک بجے پارٹی نے کہا کہ تھوڑی دیر میں سنجے سنگھ مہراج ملک کی گرفتاری کو لے کر پریس کانفرنس کرنے والے تھے۔ اس سے پہلے ہی انہیں نظر بند کر لیا گیا۔

دہلی کے آپ کے ایم ایل اے عمران حسین بھی سنجے سنگھ کے ساتھ ہاؤس اریسٹ کر دیے گئے ہیں۔ سنجے سنگھ نے کہا: تاناشاہی عروج پر ہے، میں اس وقت سری نگر میں ہوں۔ جمہوریت میں حق کے لیے آواز اٹھانا اور احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔

آج مہراج ملک کی غیرقانونی گرفتاری کے خلاف سری نگر میں پریس کانفرنس اور دھرنا تھا لیکن سرکاری گیسٹ ہاؤس کو پولیس چھاؤنی میں بدل دیا گیا ہے۔ مجھے، عمران حسین اور ساتھیوں کو گیسٹ ہاؤس سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کے صدر ملک کو ڈوڈہ ضلع میں امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزام میں سخت قانون پی ایس اے کے تحت پیر (8 ستمبر) کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں انہیں کٹھوعہ ضلع جیل بھیج دیا گیا۔