کشمیر:مجھےمسجد جانے سے روکا جارہا ہے: میرواعظ کا دعویٰ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
کشمیر:مجھےمسجد جانے سے روکا جارہا ہے: میرواعظ کا دعویٰ
کشمیر:مجھےمسجد جانے سے روکا جارہا ہے: میرواعظ کا دعویٰ

 



سری نگر: حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے دعویٰ کیا کہ انہیں یہاں جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کی مسلسل دوسرے جمعہ کو بھی اجازت نہیں دی گئی۔ میرواعظ نے اپنے "ایکس" ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: "مسلسل دوسرے جمعہ کو مجھے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

حریت چیئرمین نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ سابق حریت سربراہ عبدالغنی بھٹ کی وفات کے بعد بدھ کی رات انہیں نظر بند کر دیا گیا۔ میرواعظ نے کہا: "حکام اپنی مرضی سے ہمارے بنیادی حقوق پر قدغن لگاتے ہیں۔ اگر ہمیں پروفیسر بھٹ صاحب کے جنازے میں شامل ہونے اور مرحوم کی روح کے لیے دعا کرنے کی اجازت دی جاتی تو آسمان نہیں ٹوٹ پڑتا۔

کیا حکام مردوں سے اتنا ڈرتے ہیں؟" انہوں نے کہا کہ حکام "طاقت کے استعمال" کے ذریعے عوام کے عقیدے کو دبا نہیں سکتے۔ فاروق نے مزید کہا: ہفتہ بہ ہفتہ مجھے اپنے ہی گھر میں بند رکھنا، تاریخی جامع مسجد میں داخلے پر پابندی، اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ایک آمرانہ نظام میں جی رہے ہیں۔

ہمیں اپنے قائد کی تعظیم کرنے، انہیں آخری خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے انتقال پر اجتماعی طور پر غم بانٹنے کے حق سے محروم کرنا اور زبردستی مساجد میں نماز پڑھنے سے روکنا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ سفاک طاقت عقیدے اور عزت و انصاف کی خواہش کو دبا نہیں سکتی۔