کشمیر: احتجاج کے بعد حکومت سخت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2026
کشمیر: احتجاج کے بعد حکومت سخت
کشمیر: احتجاج کے بعد حکومت سخت

 



سرینگر: کشمیر میں پیر کے روز حکام نے اُن علاقوں میں لوگوں کی آمد و رفت پر پابندیاں عائد کر دیں جہاں ایران کے سپریم لیڈر سید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔ ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے مشترکہ حملے کے دوران ہفتے کے روز تہران میں ایک فضائی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی موت واقع ہوئی تھی، جس کی تصدیق ایرانی سرکاری میڈیا نے کی ہے۔

حکام نے بتایا کہ لال چوک میں واقع گھنٹہ گھر کو چاروں طرف رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کو جمع ہونے سے روکنے کے لیے پورے شہر میں بڑی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی دستوں، خصوصاً سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ایک عہدیدار کے مطابق کشمیر میں تقریباً پندرہ لاکھ شیعہ آبادی ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف لال چوک، سعیدہ کدل، بڈگام، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور پلوامہ میں بڑے پیمانے پر احتجاج دیکھنے میں آیا۔

مظاہرین کو سینہ کوبی کرتے ہوئے ماتم اور امریکہ و اسرائیل مخالف نعرے لگاتے دیکھا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اہم چوراہوں پر خاردار تاریں اور رکاوٹیں نصب کی گئی ہیں، جبکہ وادی کے دیگر اضلاع کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ یہ پابندیاں متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) کے صدر میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے ایک روزہ بند کی اپیل کے پس منظر میں عائد کی گئی ہیں۔

میرواعظ نے کہا، ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اسے اتحاد، وقار اور مکمل امن کے ساتھ منائیں۔ ایم ایم یو کی ہڑتال کی اپیل کی حمایت متعدد سیاسی جماعتوں نے کی ہے، جن میں اپوزیشن جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی بھی شامل ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا، ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر میرواعظ عمر فاروق کی بند کی اپیل کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔ یہ سوگ کا دن ہے جو دنیا کو یاد دلاتا ہے کہ کہیں بھی ہونے والا ظلم پوری مسلم اُمہ اور سچائی کے ساتھ کھڑے تمام لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ حکام نے طلبہ کی سلامتی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر نجی اسکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو بھی دو دن کے لیے بند کر دیا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر سید آیت اللہ علی خامنہ ای کی حملے میں ہلاکت پر مشتعل افراد نے جموں و کشمیر اور لداخ میں تصاویر، پوسٹر، بینرز اور ایرانی پرچم اٹھا کر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔ اتوار کے روز کارگل اور دراس میں بڑی تعداد میں شیعہ اور سنی دونوں برادریوں کے لوگ مظاہروں میں شریک ہوئے۔ جموں و کشمیر میں شیعہ برادری کی بڑی مذہبی تنظیم انجمنِ شرعی شیعیان نے ریاست میں 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سرینگر کے لال چوک میں شیعہ برادری کے ہزاروں افراد جمع ہوئے، جہاں شام تک مظاہرے، مجالسِ عزا اور عزاداری جاری رہی۔ ادھر مظاہروں کے پیشِ نظر کشمیر کے بعض حصوں میں کئی پابندیاں بھی نافذ کر دی گئی ہیں۔ اتوار کو لال چوک، سعیدہ کدل، بڈگام، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور پلوامہ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے لال چوک کے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور گھنٹہ گھر (کلاک ٹاور) کے اطراف سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ حساس علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مظاہرین کو جمع ہونے سے روکنے کے لیے شہر بھر میں اضافی سکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں تاکہ قانون و نظم برقرار رہے۔ شہر کے اہم چوراہوں پر خار دار تار اور بیریکیڈز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ وادی کے دیگر اضلاع کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل نے ہفتے کے روز ایران پر حملہ شروع کیا تھا۔

اتوار کی صبح سے قبل ہی میزائل حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی، جس کے بعد شیعہ اکثریتی علاقوں میں احتجاج شروع ہو گئے اور لوگوں نے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ سرینگر کے لال چوک میں ہزاروں افراد جمع ہوئے جہاں شام تک احتجاج اور مجالسِ سوگ جاری رہیں۔ بڈگام، بانڈی پورہ اور پلوامہ سمیت کشمیر کے کئی علاقوں میں پُرامن سوگوار مظاہرے کیے گئے۔ شیعہ نوجوان اپنے عظیم مذہبی رہنما کی تصاویر اٹھائے ہوئے تھے، ان کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ مسلسل نعرے لگا رہے تھے۔ اس دوران انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا۔

ادھر انجمن امامیہ جموں نے بھی آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی جلوس نکالا۔ یہ جلوس امام باڑہ صوفی شاہ پیر میٹھا سے شروع ہو کر جموں کے کربلا کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوا۔ جموں کے بٹھنڈی علاقے میں شیعہ مسلم خواتین اور بچوں نے بھی جمع ہو کر تعزیتی اجتماع کیا۔ صورتحال کے پیشِ نظر وزیرِ تعلیم نے کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے دو دن کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ اسکول، کالج اور جامعات دو دن تک بند رہیں گی۔

وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایران میں پیش آنے والے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور تمام برادریوں سے امن برقرار رکھنے اور کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے جس سے تناؤ یا بدامنی پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں موجود جموں و کشمیر کے شہریوں اور طلبہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی حکومت وزارتِ خارجہ سے رابطے میں ہے۔