کشمیر: گلمرگ، اورپہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-10-2025
کشمیر: گلمرگ، اورپہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری
کشمیر: گلمرگ، اورپہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری

 



سری نگر، :محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور سونہ مرگ کے ساتھ ساتھ گریز اور دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے، جبکہ سری نگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق گلمرگ کے بالائی علاقہ افروٹ کے علاوہ سنتھن ٹاپ، زوجیلا پاس، گمری، منی مرگ اور رازدان پاس پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب برف کی سفید چادر بچھ گئی۔ ان علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی درجے کی برف باری اور بارش ہو رہی ہے۔

خراب موسمی صورتحال کے باوجود بانڈی پورہ-گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے۔ دریں اثنا، سری نگر اور دیگر میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

موسم کی خرابی کے باعث وادی میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے، جس کے بعد لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ دیہی علاقوں میں لوگ روایتی لباس پھیرن پہنے ہوئے نظر آئے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ 5 اکتوبر کی شام سے 7 اکتوبر کی دوپہر تک جموں صوبے کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ جنوبی کشمیر میں درمیانی سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان کے مطابق جنوبی کشمیر، پیر پنچال اور چناب وادی کے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے بھاری برف باری کا بھی امکان ہے۔ تاہم 8 سے 17 اکتوبر تک موسم کے ایک بار پھر خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران لینڈ سلائیڈنگ اور چٹانیں کھسکنے کے خطرات بھی موجود ہیں۔ اس عرصے میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری زیادہ، جبکہ رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ ہو سکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے موسمی پیش گوئی کے پیش نظر اتوار کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ہمہ وقت الرٹ رہیں اور عوام، فصلوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی، پانی اور سڑکوں جیسی لازمی خدمات کو فعال رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکام کے مطابق انتظامیہ نے ممکنہ برف باری اور بارشوں کے پیش نظر ایمرجنسی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور تمام ڈویژنل و ضلعی افسران کو عوامی سہولیات برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔