کشمیر:تین دنوں میں چوتھا انکاونٹر۔ تین دہشت گرد ہلاک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2022
کشمیر:تین دنوں میں چوتھا انکاونٹر۔ تین  دہشت گرد ہلاک
کشمیر:تین دنوں میں چوتھا انکاونٹر۔ تین دہشت گرد ہلاک

 

 

سری نگر : اتوار کو کشمیر کے پلوامہ ضلع کے پاہو علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک انکاؤنٹر میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں میں سے ایک کا نام عارف عرف ریحان ہے۔ عارف لشکر طیبہ کا نائب کمانڈر تھا۔ اس نے چند ماہ قبل انسپکٹر پرویز کو اس وقت قتل کر دیا تھا جب وہ نماز ادا کر کے مسجد سے گھر جا رہے تھے۔ 

 جموں و کشمیر میں تین دنوں میں یہ چوتھا انکاؤنٹر ہے۔ مارے گئے باقی دو دہشت گردوں کا تعلق بھی لشکر سے بتایا جاتا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 پولیس کے مطابق اتوار کی صبح اس علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی پختہ اطلاع ملی تھی۔ جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ علاقے کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

کشمیر پولیس کے آئی جی وجے کمار نے کہا کہ لشکر طیبہ کے تین دہشت گرد نشانے پر تھے۔ آئی جی پی کشمیر کے مطابق عارف ہزار عرف ریحان انکاؤنٹر میں مارا گیا ہے۔ وہ لشکر کا نائب کمانڈر تھا۔ اس نے انسپکٹر پرویز کو مسجد کے سامنے قتل کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس نے سب انسپکٹر شاہد اور ایک موبائل شاپ کے مالک کو بھی قتل کیا تھا۔ اس کے خلاف سری نگر میں 7 مقدمات درج تھے۔

مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان میں سے ایک کا نام باسط عارف احمد ہزار عرف ریحان ہے۔ اس کا شمار لشکر کے اعلیٰ کمانڈروں میں ہوتا ہے۔ دوسرے دہشت گرد کا نام ابو حذیفہ عرف حقانی ہے اور وہ پاکستانی ہے۔ مارے گئے تیسرے دہشت گرد کا نام نتیش وانی عرف حیدر ہے۔ وہ سری نگر کے علاقے خانیار کا رہنے والا تھا۔ تصادم کے مقام سے تینوں مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ عارف 2021 سے اس علاقے میں سرگرم تھا۔ تینوں دہشت گردوں نے غیر کشمیری مزدوروں پر بھی حملہ کیا۔ ان میں سے ایک 22 اپریل کو کیا گیا تھا۔