کشمیر: سیلاب کی وجہ سے تعلیمی ادارے دوسرے دن بھی بند

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-09-2025
کشمیر: سیلاب کی وجہ سے   تعلیمی ادارے دوسرے دن بھی بند
کشمیر: سیلاب کی وجہ سے تعلیمی ادارے دوسرے دن بھی بند

 



سری نگر/ آواز دی وائس
وادی میں گزشتہ دو دن سے ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد پیدا ہونے والی سیلاب جیسی صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے کشمیر میں تعلیمی ادارے جمعرات کو دوسرے دن بھی بند رہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ خراب موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور احتیاطی تدبیر کے طور پر کشمیر کے ڈویژنل کمشنر انشول گرگ نے جمعرات یعنی 4 ستمبر 2025 کو پورے کشمیر میں اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور کوچنگ سینٹروں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
مسلسل بارش کے باعث وادی میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے بدھ کو بھی تعلیمی ادارے بند رکھے گئے تھے۔ جہلم اور اس کی معاون ندیوں میں جمعرات کی صبح سے پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوئی، لیکن اننت ناگ، بڈگام، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے کچھ علاقوں میں اب بھی پانی بھرا ہوا ہے۔
اس کے علاوہ، جموں کے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے اسکولوں کو 5 ستمبر 2025 تک بند رکھنے کی مدت میں توسیع کر دی۔ ڈی ایس ای جے کے حکم میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے جاری وارننگ اور جموں ڈویژن کے نچلے علاقوں میں مسلسل بارش، لینڈ سلائیڈنگ، اچانک سیلاب اور شدید پانی بھراؤ کو دیکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے جہاں بھی ممکن ہو آن لائن کلاسز چلائی جائیں گی۔
قابلِ ذکر ہے کہ جہلم اور دیگر آبی ذخائر میں بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کے سبب سیلاب کے خطرے کو دیکھتے ہوئے بدھ کو جموں و کشمیر بھر کے تعلیمی ادارے بند رکھے گئے تھے۔ تعلیمی ادارے بند ہونے اور امتحانات ملتوی ہونے کے ساتھ ساتھ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ (ایس ای ڈی) کو ایک اور چیلنج کا سامنا ہے، کیونکہ جموں ڈویژن اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں کچھ اسکول عمارتیں ابھرتے ہوئے دریاؤں اور دیگر سیلابی پانی میں ڈوب گئی ہیں۔
اس پس منظر میں وزیرِ تعلیم سکینہ اٹو نے بدھ کو جنوبی کشمیر کے اضلاع میں صورتِ حال کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سی) کو ہدایت دی کہ وہ پانی میں ڈوبی ہوئی عمارتوں کی رپورٹ پیش کریں۔ سکینہ اٹو نے  بتایا کہ میں نے ڈی سی اور چیف ایجوکیشن آفیسرز (سی ای او) کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان عمارتوں کی رپورٹ پیش کریں جو پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور ممکنہ طور پر نقصان زدہ بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ دیکھنے کے بعد محکمہ اسی حساب سے آگے کے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نقصان کی سطح سنگین ہے تو محکمہ اس وقت تک متبادل انتظامات کے ذریعے اسکول کو چلائے گا جب تک کوئی مستقل حل نہ نکلے۔
اس سے پہلے جموں کے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے کہا تھا کہ جموں اور ڈویژن کے دیگر علاقوں میں پانی میں ڈوبی ہوئی تمام اسکول عمارتیں اس وقت تک بند رہیں گی جب تک کہ انہیں مجاز افسران محفوظ قرار نہ دیں۔ تمام چیف ایگزیکٹیو افسران کو جاری ایک سرکاری خط میں ڈی ایس ای جے نے جموں خطے کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور سیلاب کے پیش نظر ملازمین اور طلباء کی حفاظت پر تشویش ظاہر کی۔ خط میں کہا گیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ کئی اسکول عمارتوں کو ساختی نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے وہ رہنے کے قابل نہیں رہیں۔ ہمارے طلباء، اساتذہ اور عملے کی حفاظت سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔ یہ ضروری ہے کہ کسی بھی اسکول عمارت کو گہرے اسٹرکچرل معائنے کے بغیر دوبارہ نہ کھولا جائے۔
ڈی ایس ای جے نے اپنے سرکاری خط میں کہا ہے کہ جو عمارتیں ڈوب گئی ہیں یا جن میں نقصان کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، انہیں اس وقت تک بند رکھا جانا چاہیے جب تک کہ انہیں محفوظ قرار نہ دے دیا جائے۔ جموں ڈویژن کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو مقامی انتظامیہ، گاؤں کے رہنماؤں اور کمیونٹی بیسڈ تنظیموں کے ساتھ تال میل قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عارضی انتظامات کیے جا سکیں اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان متبادل مقامات پر پینے کے پانی، صفائی ستھرائی اور بیٹھنے کی سہولت جیسی بنیادی ضروریات موجود ہوں۔