بنگلور/ آواز دی وائس
کرناٹک کے اوقاف و اقلیتی امور کے وزیر بی زیڈ جمیر احمد خان نے جمعرات کے روز کہا کہ پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لینے کے لیے چلائے گئے ’آپریشن سیندور‘ میں حصہ لینے والے ہندوستانی فوجیوں کی خیریت اور کامیابی کے لیے ریاست بھر کی مساجد میں جمعہ کے دن خصوصی دعا کی جائے گی۔
خان نے ایک بیان میں کہا کہ وقف بورڈ کے دائرہ اختیار میں آنے والی مساجد کے ساتھ ساتھ دیگر مساجد میں بھی ملک کے بہادر فوجیوں کی طاقت و تحفظ کے لیے جمعہ کی نماز کے بعد خصوصی دعا کی جائے گی۔
انہوں نے اس سلسلے میں وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو ایک خط بھی لکھا ہے۔
اسی دوران، مذہبی امور کے وزیر رام لنگا ریڈی کی ہدایت پر، ہندوستانی مسلح افواج کی بھلائی کے لیے کرناٹک کے ہندو مذہبی اداروں اور فلاحی اوقاف کے تحت آنے والے تمام مندروں میں بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔