کرناٹک:اسپیکر کی کرسی کو مانا جارہا تھا منحوس، اب بٹھائے گئے مسلم ایم ایل اے قادر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 6 Months ago
کرناٹک:اسپیکر کی کرسی کو مانا جارہا تھا منحوس، اب بٹھائے گئے مسلم ایم ایل اے قادر
کرناٹک:اسپیکر کی کرسی کو مانا جارہا تھا منحوس، اب بٹھائے گئے مسلم ایم ایل اے قادر

 

بنگلورو: کرناٹک کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے زبردست جیت حاصل کی اور بی جے پی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 20 مئی کو سدارامیا نے دوسری بار ریاست کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ اس کے علاوہ ڈی کے شیوکمار نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس کے بعد خبریں آئیں کہ کوئی بھی ریاستی اسمبلی کا اسپیکر بننے کو تیار نہیں ہے کیونکہ اسپیکر کی کرسی کو منحوس مانا جارہا ہے۔

وجہ یہ ہے کہ جو کوئی اسپیکر بنتا ہے، وہ اگلا الیکشن ہار جاتا ہے اور اس کا سیاسی کریئر ختم ہوجاتا ہے ۔ لیکن اب خبر آئی ہے کہ سابق وزیر اور 5 بار کے ایم ایل اے یوٹی قادر کو اتفاق رائے سے اسپیکر چن لیا گیا ہے۔ سابق وزیر اور پانچ بار کانگریس کے ایم ایل اے یو ٹی قادر کو بدھ کو متفقہ طور پر کرناٹک قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر منتخب کیا گیا۔ 53 سالہ قادر ، جو کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر بنے ہیں، اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے مسلم رہنما ہیں۔

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے اسپیکر کے عہدے کے لیے قادر کا نام تجویز کیا اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اس کی تائید کی۔ اس عہدے کا کوئی دوسرا دعویدار نہیں تھا۔ پروٹیم اسپیکر آر وی دیش پانڈے نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کو ووٹ کے لیے پیش کیا اور اسے اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ روایت کے مطابق حکمران جماعت کا امیدوار عام طور پر متفقہ طور پر اسپیکر منتخب ہوتا ہے۔ قادر پچھلی اسمبلی میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر رہ چکے ہیں۔ وہ ماضی میں کرناٹک حکومت میں وزیر کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ کانگریس نے کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 میں ریکارڈ 135 سیٹیں جیتی ہیں اور ریاست میں حکومت بنانے کے لیے اکثریت کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ اس جیت کا بہت سا کریڈٹ راہل گاندھی کی 'بھارت جوڑا یاترا' کو دیا جا رہا ہے۔ جیت کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ نفرت ہار گئی اور محبت جیت گئی۔ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران کہا تھا کہ میں نفرت کے اس بازار میں محبت کی دکانیں لگا رہا ہوں۔