کرناٹک:محمد فاضل قتل معاملہ میں21 افراد زیرحراست

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-07-2022
کرناٹک:محمد فاضل قتل معاملہ میں21 افراد زیرحراست
کرناٹک:محمد فاضل قتل معاملہ میں21 افراد زیرحراست

 

 

 آواز دی وائس، بنگلورو

ریاست کرناٹک کے ضلع سورتکل کے علاقے منگل پیٹے میں فاضل قتل کیس میں پولیس نے اب تک 21 افراد کو تفتیش کے لئے اپنی تحویل میں لیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آلوک کمار نے خود ہی اس معاملہ کی تفتیشی کارروائی کو اپنے ہاتھ میں لیا ہے اور اعتماد ظاہر کیا ہے کہ جلد ہی قاتلوں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔  

پتہ چلا ہے کہ سورتکل ، بجپے ، پانمبور اور مُلکی پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں رہنے والے 21 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے ۔

 قتل کے اس معاملہ کو حل کرنے کے لئے 5 تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اس کے علاوہ جنوبی کینرا کے سابق ڈی سی پی اور فی الحال ضلع ہاسن کے ایس پی ہری رام شنکر کو بھی تفتیشی مراحل میں تعاون کے لئے طلب کیا گیا ہے ۔

 جمعرات کی شب میں قتل کے وقت کیے گئے موبائل کالس کی تفصیلات بھی کھنگالی جا رہی ہیں ۔ کسی خاص بات پر فاضل کے ساتھ کسی کی رقابت ہونے کے پہلو سے بھی تحقیقات ہورہی ہیں ۔ جائے واردات کے اطراف میں موجود تمام سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے ۔ 

  حالانکہ پولیس نے اس قتل میں چند شرپسند عناصر ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے مگر بڑے پیمانے پر لوگوں کو ہے کہ اس معاملے میں بجرنگ دل یا سنگھ پریوار کے عناصر ہو سکتے ہیں ۔

 یہ بات بھی ذہن میں رکھنی ہوگی کہ پولیس ذرائع نے شروع سے ہی اس قتل کو فرقہ وارانہ وارداتوں سے جوڑنے سے گریز کیا ہے اور بالخصوص بی جے پی یووا مورچہ لیڈر پروین کمار قتل سے اس کا کوئی تعلق نہ ہونے کی بات کہی ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس کی تفتیش میں جو پیش رفت ہو رہی ہے اس کا کیا نتیجہ نکلتا ہے اور کونسا پہلو کھل کر سامنے آتا ہے ۔