کرناٹک: مسلمان بچوں نے کی مسجدوں ،مندروں اور گرجا گھروں کی صفائی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-03-2022
کرناٹک: مسلمان بچوں نے کی مسجدوں ،مندروں اور گرجا گھروں کی صفائی
کرناٹک: مسلمان بچوں نے کی مسجدوں ،مندروں اور گرجا گھروں کی صفائی

 

 

آواز دی وائس، بنگلورو

کرناٹک میں حجاب کا تنازعہ اور فرقہ وارانہ ماحول شرخیوں میں ہے۔سیاست  کا بازار گرم ہے لیکن اس ماحول سے ایک ایسی خبر آئی ہے جس نے ایک بار پھر ملک کی  فرقہ وارانہ خوبصورتی کو عیاں کردیا ہے۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ایک خصوصی مہم میں کرناٹک کا معروف تعلیمی ادارہ شاہین کالج بیدر کے طلبہ نے  متعدد مساجد سمیت، کئی مندروں، گرجا گھر اور گردواروں کی بھی صفائی کی ۔جس کی ہر کسی نے سراہنا کی اور اس کو یکجہتی، بھائی چارگی اور ہندو مسلم اتحاد کی انوکھی مثال قرار دیا۔

شاہین گروپ کے چئیرمین ڈاکٹر عبدالقدیر کی ہدایت پر پرنسپل جناب خواجہ پٹیل کی نگرانی میں شاہین کالج بیدر کے طلباء نے بیدر شہر اور اس کے اطراف و اکناف کی مساجد کے ذمہ داران سے ملاقات کرکے ان کی رضا مندی سے صاف صفائی کرتے ہوئے مساجد کی فرش‘وضو خانوں اور طہارت خانوں کی صفائی خدمات انجام دیں۔

اس صفائی مہم میں شاہین گروپ کے 600طلباء نے حصہ لیا تھا اور 100گروپ ترتیب دیتے ہوئے اپنے ہی خرچہ پر صفائی کیلئے جھاڑو‘سرف پوڈر‘ طہارت خانوں کو صاف کرنے کیلئے ہارپِک‘ و دیگر ضروری اشیاء ساتھ لے کر مختلف عبادت گاہوں میں پہنچ کر صفائی ابھیان چلایا۔

قابلِ ذکر مساجد کے نام اس طرح ہیں جامع مسجد‘پنچ سال تعلیم مسجد‘مسجدِ قباء‘مسجدِ بے ستون‘ مکی مسجد‘مدینہ مسجد‘مسجد علی‘مسجدِ چشتیہ پورہ‘مسجدِشاہ خاموشؒ‘مسجدِ نور خان تعلیم‘مسجد صدیق شاہ تعلیم‘مسجد لال دروازہ‘کلثوم گلی مسجد‘مسجدِ امیر حمزہ ؓ‘مسجد درگاہ حضرت خواجہ ابوالفیض‘مسجدِ عمر فیض پورہ‘مسجدِ نور پکھال واڑہ‘ جامع مسجد ریلوے گیٹ‘ فیض پورہ‘مسجد عابدین‘مسجدِ محمودیہ‘جامع مسجد لال واڑی‘ متی مسجد گاندھی گنج‘ مسجد ابراہیم خلیل اللہ‘مسجد سنی سدی مرجان‘مسجد حسن قادری بلال کالونی‘ مسجدِ بلال‘مسجدِ اقصی بدر الدین کالونی‘ مسجد فخر النساء معراج کالونی‘ مسجد محمدیہ چدری روڈ‘مسجدِ صغری حق کالونی‘ مسجد قوت الاسلام‘مسجد صالحین‘مسجد لعلن حسینی‘مسجدِ منیا رتعلیم‘مسجدِ اعظم‘مسجد فرش پورہ‘ مسجد محبوب سبحانی‘مسجد شاہ حسین‘مسجد رٹکل پورہ‘ مظفر حسینی مسجد‘مسجد امیر حمزہ‘مسجدِ صدیق ِ اکبر‘ مسجدِ پیر فانی‘مسجدِ رحمت‘ مسجدِ حمیدیہ‘مسجد مسلم ہاسٹل‘ مسجدِ دلہن‘مسجد محمدیہ‘وغیرہ۔ ان مساجد کے ساتھ ساتھ طلباء نے مندروں‘گرجا گھروں‘ گرودوارہ اور امبیڈکر بھؤن جاکر بھی ذمہ داران کی رضا مندی سے وہاں بھی صاف صفائی کی خدمات انجام دیں۔

واضح ہو کہ شاہین گروپ بیدر کے طلباء و طالبات حصولِ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی پاکٹ منی سے ملک میں جب کبھی قدرتی آفات جیسے زلزلہ‘سیلاب‘ اور بڑے حادثات پیش آ تے ہیں تو متاثرہ افراد کی ریلیف کے طور پر رقم جمع کرکے مدد کرتے آرہے ہیں۔گذشتہ دو سال سے شاہین پی یو کالج بیدر کے طلباء مساجد کے ساتھ ساتھ مندروں‘گرجا گھروں‘ گرودوارہ اور امبیڈکر بھؤن جاکر ذمہ داران سے ملاقات کرکے ان کی رضا مندی سے صاف صفائی کی خدمات انجام دیتے آرہے ہیں۔

کوویڈکے دونوں لہرکے دوران شاہین کالج بیدر کے طلباء نے مساجد بشمول مندروں‘گرجا گھروں‘گرودواروں‘ اور امبیڈکر بھؤن جاکر سینٹائرزکے ذریعے صاف صفائی کے خدمات انجام دی تھیں‘تمام مذاہب کے ذمہ داران نے شاہین گروپ کے اس اقدام کو خوب سراہا۔

اور اس کام کو قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار بتایا۔شاہین پی یو کالج کے طلباء کی ان خدمات کو قابلِ تقلید بتاتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

کرناٹک میں ایک جانب فرقہ وارانہ تناو ہے اور دوسری جانب ان بچوں نے ایک مثال قائم کی ہے اور اپنے بزرگوں کو ایک پیغام دیا ہے کہ اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی  ہی ملک کی طاقت ہے۔