بنگلور: کرناٹک کے وزیر برائے رہائش و اقلیتی بہبود بی زیڈ ضمیر احمد خان کا حالیہ بیان موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بیچ وزیر ضمیر احمد خان نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اجازت دیں تو میں خودکش حملہ آور بن کر پاکستان جانے کے لیے تیار ہوں۔
پریس کانفرنس کے دوران دیا گیا ان کا یہ ڈرامائی بیان فوری طور پر وائرل ہو گیا اور سیاسی حلقوں میں اس پر سخت ردِ عمل سامنے آیا۔ وائرل ویڈیو میں کرناٹک حکومت کے وزیر ضمیر احمد خان کہتے سنائی دیتے ہیں:پاکستان ہمیشہ سے بھارت کا دشمن رہا ہے۔ ایسے دردناک موقع پر اگر وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ مجھے موقع دیں، تو میں خود سرحد پر جا کر لڑنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا: ہم سب بھارتی ہیں، ہم ہندوستانی ہیں۔ ہمارا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان ہمارا دشمن ملک رہا ہے۔ میں جنگ کے لیے پاکستان جانے کو تیار ہوں۔
Just Zameer anna thing: Karnataka Minister Zameer Ahmed says, 'Give me a suicide bomb, I will go to Pakistan.' pic.twitter.com/EMrB2zyxzs
— Harish Upadhya (@harishupadhya) May 3, 2025
مودی، شاہ مجھے خودکش بم دیں، میں باندھ کر پاکستان جاؤں گا اور حملہ کروں گا۔ وزیر نے کہا کہ وہ ملک کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہیں اور انہوں نے مرکزی حکومت سے فیصلہ کن کارروائی کی اپیل بھی کی۔ جب انہوں نے یہ بات کہی تو آس پاس موجود لوگ ہنسنے لگے، لیکن انہوں نے سنجیدگی کے ساتھ کہا: میں یہ بات مذاق کے طور پر نہیں کہہ رہا، میں بالکل سنجیدہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر بھارتی کو متحد ہونا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ 22 اپریل، بروز منگل جموں و کشمیر کے پہلگام علاقے میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 26 افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ فوجی وردی پہنے دہشت گرد بایسرن وادی میں آئے اور انہوں نے پہلے سیاحوں سے ان کا مذہب پوچھا، شناختی کارڈ دیکھے، اور پھر ہندو ہونے کی بنیاد پر ان پر گولیاں برسا دیں۔
تین جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ یاترا سے پہلے ہونے والے اس بزدلانہ حملے کی ذمہ داری پاکستانی دہشت گرد تنظیم لشکرِ طیبہ سے وابستہ گروہ دی ریزسٹنس فرنٹ نے قبول کی ہے۔ فروری 2019 میں پلوامہ میں ہوئے حملے کے بعد سے کشمیر میں یہ سب سے بڑا دہشت گرد حملہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں سی آر پی ایف کے 47 جوان شہید ہو گئے تھے۔