کرناٹک: گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے انتخابات 14 اور 24 جون کے درمیان ہونے کا امکان

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-05-2026
کرناٹک: گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے انتخابات 14 اور 24 جون کے درمیان ہونے کا امکان
کرناٹک: گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے انتخابات 14 اور 24 جون کے درمیان ہونے کا امکان

 



نئی دہلی
کرناٹک ریاستی انتخابی کمشنر (ایس ای سی) جی ایس سنگریشی نے جمعہ کو کہا کہ بروہت بنگلورو اتھارٹی (جی بی اے) کے تحت آنے والے پانچ میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 14 سے 24 جون کے درمیان کرائے جانے کا امکان ہے۔سنگریشی نے کہا کہ انتخابی پروگرام ایک ہفتے بعد جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے۔عدالت نے کرناٹک حکومت اور ریاستی انتخابی کمیشن کو 30 جون تک یہ بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔جی بی اے ایکٹ کی دفعات کے مطابق، ایس ای سی نے اتھارٹی کے چیف کمشنر اور پانچوں میونسپل کارپوریشنوں کے کمشنروں کے ساتھ جمعہ کو انتخابی پروگرام کے سلسلے میں ایک مشاورتی اجلاس کیا۔
سنگریشی نے کہا کہ میٹنگ کے دوران میں نے جی بی اے حکام کو مطلع کیا کہ اب صرف انتخاب کی تاریخ طے کرنا باقی ہے، کیونکہ انتخابات کرانے کے لیے دیگر تمام اقدامات اور رسمی کارروائیاں پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہیں۔
ایس ای سی نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے کہا کہ میں نے ان سے کہا کہ یہ میٹنگ وقت مانگنے کے لیے نہیں تھی۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق، جی بی اے کے تحت آنے والی پانچوں کارپوریشنوں کے انتخابات 30 جون سے پہلے ہونے چاہئیں اور اس کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی جانی ہے۔ انتخابات ملتوی کرنے کا اختیار میرے پاس نہیں ہے۔
ریاستی انتخابی کمشنر نے کہا کہ عدالت پہلے ہی ’’آخری موقع‘‘ دے چکی ہے اور ریاستی انتخابی کمیشن اور حکومت دونوں کو اس کی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔