کرناٹک : حکومت نے حجاب پابندی حکم نامہ واپس لے لیا۔ یونیفارم کے ساتھ حجاب۔ پگڑی اور مذہبی علامات کی اجازت۔

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2026
کرناٹک : حکومت  نے حجاب پابندی حکم نامہ واپس لے لیا۔ یونیفارم کے ساتھ حجاب۔ پگڑی اور مذہبی علامات کی اجازت۔
کرناٹک : حکومت نے حجاب پابندی حکم نامہ واپس لے لیا۔ یونیفارم کے ساتھ حجاب۔ پگڑی اور مذہبی علامات کی اجازت۔

 



بنگلور: کرناٹک حکومت نے بدھ 13 مئی کو ایک اہم حکومتی حکم نامہ جاری کرتے ہوئے فروری 2022 کے اُس متنازع حکم کو فوری اثر سے منسوخ کر دیا جس کے تحت امدادی اور نجی اسکولوں اور پری یونیورسٹی کالجوں میں حجاب اور دیگر مذہبی علامات پہننے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی کی جانب سے جاری کردہ نئے سرکلر کے ذریعے سابقہ حکم واپس لے لیا گیا ہے اور طلبہ کو مقررہ یونیفارم کے ساتھ محدود روایتی اور مذہبی علامات جیسے حجاب۔ پگڑی۔ جنیو۔ شودھارا۔ رودرکشا اور اسی نوعیت کی دیگر اشیا پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

5 فروری 2022 کے اصل حکومتی حکم میں کرناٹک کے تمام سرکاری۔ امدادی اور نجی اسکولوں اور پری یونیورسٹی کالجوں کو سختی کے ساتھ مقررہ یونیفارم نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس کے نتیجے میں کلاس رومز میں حجاب اور دیگر مذہبی علامات پہننے پر مؤثر پابندی لگ گئی تھی۔ اس فیصلے کے بعد ملک گیر احتجاج شروع ہوئے تھے اور معاملہ مختلف عدالتوں تک پہنچ گیا تھا۔

مارچ 2022 میں کرناٹک ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ حجاب اسلامی عقیدے میں “ضروری مذہبی عمل” کا حصہ نہیں ہے اس لیے اسے آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تحفظ حاصل نہیں۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کی دو رکنی بینچ نے 2022 کے سرکلر کے خلاف دائر چیلنج پر منقسم فیصلہ سنایا تھا جس کے نتیجے میں معاملہ بڑی بینچ کے سپرد کر دیا گیا۔ یہ معاملہ اب بھی زیر التوا ہے۔

حال ہی میں ہائی کورٹ نے ایک عوامی مفاد کی عرضی پر ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کرناٹک ایگزامینیشن اتھارٹی کے اہلکاروں کی جانب سے “مقدس دھاگا” پہننے والے طلبہ کو کامن انٹرنس ایگزامینیشن 2025 میں شرکت کی اجازت نہ دینا غیر آئینی ہے۔

ریاستی حکومت نے بدھ کو کرناٹک ایجوکیشن ایکٹ 1983 اور کرناٹک ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رولز 1995 کے رول 11 کا حوالہ دیتے ہوئے محدود حد تک روایتی اور مذہبی علامات پہننے کی اجازت دی ہے بشرطیکہ وہ نظم و ضبط۔ سلامتی یا طلبہ کی شناخت میں رکاوٹ نہ بنیں۔

حکومتی حکم نامے کے دیباچے میں سابقہ حکم واپس لینے کے آئینی پہلوؤں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دیباچے کے مطابق آئینی سیکولرازم کا مطلب انفرادی عقائد کی مخالفت نہیں بلکہ تمام مذاہب کے ساتھ مساوی احترام۔ ادارہ جاتی غیر جانب داری اور غیر امتیازی سلوک کو یقینی بنانا ہے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کی رائے میں “تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور ترتیب کو اس کے بغیر بھی برقرار رکھا جا سکتا ہے کہ طلبہ کے محدود روایتی اور مذہبی علامات پہننے پر لازمی پابندی عائد کی جائے۔”

حکم کے مطابق ایسی اجازت یافتہ علامات پہننے والے کسی بھی طالب علم کو داخلہ۔ ترقی۔ امتحان۔ مقابلے یا تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت سے محروم نہیں کیا جائے گا۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی طالب علم کو اجازت یافتہ مذہبی علامات اتارنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی ادارہ یا اتھارٹی انہیں زبردستی ہٹا سکتی ہے۔

تاہم امتحانات کے لیے ایک محدود استثنا رکھا گیا ہے جہاں قومی یا ریاستی سطح کے ڈریس کوڈ قواعد متعلقہ حکام نافذ کر سکتے ہیں۔ حکم میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ اس پر عمل درآمد یکساں ہو اور اس میں مذہبی یا فرقہ وارانہ امتیاز نہ برتا جائے۔

ایس ڈی ایم سیز۔ سی ڈی سیز۔ گورننگ باڈیز اور اداروں کے سربراہان کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ ایسی علامات پہننے والے کسی بھی طالب علم کی تذلیل۔ تحقیر یا توہین آمیز رویہ اختیار نہ کریں۔

حکم نامے میں 12ویں صدی کے سماجی مصلح بسواَنّا کے قول “ایوا نمّاوے” یعنی “یہ سب ہمارے ہیں” کا بھی حوالہ دیا گیا ہے اور تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آئندہ اسی اصول پر عمل کریں۔