کرناٹک: کانگریس ودھائک دل کے لیڈر منتخب ہوئے ڈی کے شیوکمار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-05-2026
کرناٹک: کانگریس ودھائک دل کے لیڈر منتخب ہوئے ڈی کے شیوکمار
کرناٹک: کانگریس ودھائک دل کے لیڈر منتخب ہوئے ڈی کے شیوکمار

 



بنگلورو: کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار کو ہفتہ کے روز کانگریس ودھائک دل (سی ایل پی) کا لیڈر منتخب کر لیا گیا، جس کے بعد ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ بننے کی ان کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ یہ اطلاع پارٹی ذرائع نے دی۔ کانگریس کے سینئر رہنما اور سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے ہفتہ کو ودھان سودھا میں منعقدہ اجلاس کے دوران ودھائک دل کے نئے لیڈر کے طور پر ڈی کے شیوکمار کے نام کی تجویز پیش کی۔

یہ اجلاس کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال اور کرناٹک امور کے انچارج جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا کی موجودگی میں منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق، نئے لیڈر کے انتخاب کے لیے ہونے والے اجلاس کے دوران کچھ وقت کے لیے وقفہ لیا گیا، اور سدارمیا، وینوگوپال اور سرجے والا سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت مشاورت کے لیے ایک علیحدہ کمرے میں چلی گئی۔

ڈی کے شیوکمار کی بطور نئے وزیر اعلیٰ حلف برداری کی تقریب 3 جون کو بنگلورو کے لوک بھون کے گلاس ہاؤس میں منعقد ہوگی۔ سدارمیا حکومت میں ڈی کے شیوکمار نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سدارمیا نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے گورنر تھاور چند گہلوت نے اگلے روز قبول کرتے ہوئے وزارتی کونسل کو تحلیل کر دیا تھا۔