کرشمہ کپور کے بچوں نے سنجے کپور کی بیوی کے خلاف فوجداری کاروائی کی درخواست دائر کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-01-2026
کرشمہ کپور کے بچوں نے سنجے کپور کی بیوی کے خلاف فوجداری کاروائی کی درخواست دائر کی
کرشمہ کپور کے بچوں نے سنجے کپور کی بیوی کے خلاف فوجداری کاروائی کی درخواست دائر کی

 



نئی دہلی: اداکارہ کرشمہ کپور کے بچوں سمائرا اور کیان کپور نے اپنے والد سنجے کپور کی تیسری اہلیہ پریا کپور کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں فوجداری کارروائی کی درخواست دائر کی ہے۔ یہ درخواست اس وقت سامنے آئی جب بچوں نے الزام عائد کیا کہ پریا نے ایک جعلی وصیت تیار کر کے انہیں اپنے والد کی وراثت سے محروم رکھا۔ سنجے کپور کی وفات کے بعد ان کی جائیداد اور اثاثوں کی تقسیم کو لے کر قانونی جھگڑا شدت اختیار کر گیا ہے۔

میڈیا کے مطابق سنجے کپور کی جائیداد تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے کے اثاثوں پر مشتمل ہے۔ سمائرا اور کیان کا مؤقف ہے کہ وصیت کی تاریخ اور دستخط مشکوک اور جعلی ہیں۔ بچوں کا دعویٰ ہے کہ جس دن وصیت پر دستخط دکھائے گئے، اس دن نہ سنجے کپور گروگرام میں موجود تھے اور نہ ہی پریا کپور، بلکہ وہ دہلی میں تھے۔

پریا کپور کے مطابق وصیت 10 فروری 2025ء کو تیار ہوئی، 17 مارچ کو ترمیم کی گئی، اور 21 مارچ کو دو گواہوں کی موجودگی میں دستخط ہوئے۔ بچوں کے مطابق 17 مارچ کو سنجے کپور اپنے بیٹے کیان کے ساتھ گوا میں تھے اور بعد میں اپنی والدہ کی عیادت کے لیے دہلی گئے، جس سے ترمیم کی تاریخ مشکوک لگتی ہے۔

سمائرااور کیان کا مؤقف ہے کہ اگر پریا کے خلاف الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ان کے لیے عمر قید تک کی سزا ممکن ہے۔ اس درخواست کے بعد یہ معاملہ دیوانی مقدمے سے فوجداری کیس میں تبدیل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ کرشمہ کپور بھی اس دوران والد کی وصیت اور بچوں کی پرتگالی شہریت کے معاملے میں واٹس ایپ کے ذریعے سنجے کپور سے رابطے میں تھیں۔ یہ مقدمہ اب عدالت میں ایک نازک اور حساس مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں جائیداد کے قانونی پہلو اور وصیت کی قانونی حیثیت پر غور کیا جائے گا۔