نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو کہا کہ کارگل جنگ کے دوران ہندوستانی فوجیوں نے دشمن کے قبضے سے ہر چوٹی، پہاڑی اور بنکر کو دوبارہ اپنے کنٹرول میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان اپنی سرزمین، شناخت اور وقار پر کسی بھی دشمنانہ جارحیت کا پوری قوت سے جواب دینے کے غیر متزلزل عزم کا حامل ہے۔
انہوں نے یہ بات نئی دہلی کے نیشنل وار میموریل سے لداخ کے دراس میں واقع کارگل وار میموریل تک موٹر سائیکل مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرتے ہوئے کہی۔ یہ مہم 1999 کے آپریشن وجے کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات کا حصہ ہے۔ تیرہ روزہ شوریہ وجے یاترا میں 28 شرکاء حصہ لے رہے ہیں، جن میں مسلح افواج کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ اہلکاروں کے علاوہ ان کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔
یہ قافلہ شمالی ہمالیہ کے دشوار گزار علاقوں سے گزرتے ہوئے تقریباً 1900 کلومیٹر کا سفر طے کرے گا۔ یہ یاترا 1999 کی کارگل جنگ میں فتح دلانے والے ہندوستانی جانبازوں کی بے مثال جرأت، عزم اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس یاترا کا شعار "ایک سواری، ایک قوم، ایک سلام" رکھا گیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق اس مہم کے دوران شرکاء نیشنل وار میموریل کی مقدس مٹی سے بھرا ہوا ایک کلش اپنے ساتھ لے جائیں گے، جسے کارگل میں شہداء کی یاد میں نذر کیا جائے گا۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا، ’’جب یہاں (نیشنل وار میموریل) کی مٹی کارگل کی مٹی سے ملے گی تو یہ موجودہ نسل کی عقیدت اور قوم کے ہیروز کی بہادری کے سنگم کی علامت بن جائے گی۔‘‘
انہوں نے فوجی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جانبازوں نے ’’بے مثال جرأت، صبر، نظم و ضبط اور لازوال حب الوطنی کی ایسی سنہری داستان رقم کی ہے جس کا آج بھی دنیا کی افواج مطالعہ کرتی ہیں اور اسے احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔‘‘ وزیر دفاع نے کہا، ’’تقریباً 20 ہزار فٹ کی بلندی اور منفی 40 ڈگری سیلسیس تک کے درجہ حرارت میں ہمارے فوجیوں نے غیر معمولی ہمت اور ثابت قدمی کے ساتھ اپنے مقصد کو حاصل کیا۔
انہوں نے دشمن کے قبضے سے ہر چوٹی، پہاڑی اور بنکر واپس لے کر ترنگے کی شان برقرار رکھی۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’کارگل جنگ میں حاصل ہونے والی یہ فتح اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان اپنی سرزمین، شناخت اور وقار پر کسی بھی دشمنانہ مہم جوئی کا پوری طاقت سے جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔‘
‘ راج ناتھ سنگھ نے پرم ویر چکر سے سرفراز کیپٹن وکرم بترا، لیفٹیننٹ منوج کمار پانڈے، صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) یوگیندر سنگھ یادو (ریٹائرڈ) اور صوبیدار میجر (اعزازی کیپٹن) سنجے کمار (ریٹائرڈ) سمیت تمام بہادر سپاہیوں کا کارگل جنگ میں ان کی گراں قدر خدمات پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جانباز نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور آنے والی نسلوں کو بھی اسی طرح متاثر کرتے رہیں گے۔ اس یاترا کے دوران شرکاء چندی مندر وار میموریل، ریزانگ لا وار میموریل اور لیہ وار میموریل سمیت اہم فوجی یادگاروں پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
وہ اپنے سفر کے دوران شہداء کی بیواؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ یہ مہم 26 جولائی کو کارگل وجے دیوس کے موقع پر کارگل وار میموریل میں اختتام پذیر ہوگی۔ واضح رہے کہ آپریشن وجے 1999 میں پاکستان کی دراندازی کے بعد اس کے خلاف ہندوستان کی جانب سے چلائی گئی محدود فوجی کارروائی کا نام تھا۔ کارگل وجے دیوس ہر سال اسی آپریشن کی کامیابی اور کارگل جنگ میں ہندوستانی افواج کی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔