علِی گڑھ: جہاں مظفر نگر میں کانوڑ یاترا کے راستے میں دھابوں کے ناموں اور عملے کی مذہبی شناخت کی جانچ پڑتال پر تنازع جاری ہے، وہیں علِیگڑھ ایک بالکل مختلف مثال قائم کر رہا ہے - مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی۔
علِیگڑھ میں مسلم کاریگر ہندو دیوی دیوتاؤں، خصوصاً Kanwar یاترا میں استعمال ہونے والے، پیتل کے بُت بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور دن رات محنت کررہے ہیں تاکہ بازار میں جو مانگ ہے اسے پورا کیا جاسکے ۔ یہ باہمی تعاون اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی ایک بہترین عکاسی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، علِی گڑھ ، جو اپنے تالوں اور تعلیمی اداروں کے لیے مشہور ہے ، اب بُت سازی کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ یہاں کے کاریگروں کو نہ صرف اترپردیش بھر سے پیتل کے بُتوں کے آرڈرز موصول ہو رہے ہیں بلکہ ان کی تخلیقات عالمی سطح پر بھی پسند کی جا رہی ہیں۔
راجا گپتا، جو 1957 سے بُت سازی کا کام کر رہے ہیں، نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ شیو، پاروتی اور شِولِنگ کے بُتوں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا:"ہمارے ہندو اور مسلم کاریگر کندھے سے کندھا ملا کر کام کرتے ہیں۔ مسلم کارکن خصوصاً آخری مراحل یعنی فنشنگ ٹچز میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کی مہارت اور لگن ہی اس تہوار کی مانگ کو پورا کرنے میں ہماری کامیابی کی بنیاد ہے۔گپتا نے مزید بتایا کہ یاترا کی تیاری ایک ماہ پہلے سے ہی شروع کر دی جاتی ہے۔
ذیشان احمد ایک کاریگر نے بتایا"میں پچھلے پانچ سال سے شیو جی کے بُتوں پر آخری فنشنگ کر رہا ہوں۔ یہی کام میرے گھر کا چولہا جلاتا ہے۔ ساون کا مہینہ قریب ہے، مانگ بڑھ رہی ہے، اس لیے ہم دن رات محنت کر رہے ہیں۔"
عقیل خان، جو گزشتہ 21 سال سے بُتوں کی پالش کا کام کر رہے ہیں، نے کہا
"یہاں درجنوں ہندو اور مسلم کاریگر مل جل کر ہم آہنگی سے کام کرتے ہیں۔ Kanwar یاترا کے دوران شیو اور پاروتی کے بُتوں کی زبردست مانگ رہتی ہے۔ یہ بُت پورے بھارت اور بیرونِ ملک بھیجے جاتے ہیں۔"