نئی دہلی/ آواز دی وائس
معروف اداکار کمل ہاسن نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور تمل زبان و تہذیب جیسے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ راجیہ سبھا کے ممبر ہاسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی اور وزیرِ اعظم سے ملاقات کی کئی تصاویر بھی جاری کیں۔
انہوں نے وزیرِ اعظم کو کیلادی گاؤں کے ’’تھیم‘‘ پر مبنی ایک یادگاری تحفہ بھی پیش کیا۔ یہ مقام مدورئی سے 12 کلومیٹر دور ویگئی دریا کے کنارے واقع ہے۔
اداکار نے اس پوسٹ کے ساتھ ایک طویل نوٹ بھی لکھا
ہاسن نے پوسٹ میں لکھا کہ آج مجھے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ تمل ناڈو کے عوام کے نمائندے اور ایک فنکار کی حیثیت سے میں نے ان کے سامنے چند درخواستیں پیش کیں، جن میں سب سے اہم کیلادی کی قدامت کو تسلیم کرنے کے عمل میں تیزی لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیرِ اعظم سے درخواست کی کہ وہ تمل تہذیب کی شان و شوکت اور تمل زبان کی ابدی عظمت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں تمل عوام کا ساتھ دیں۔