شملہ/ آواز دی وائس
کالکا-شملہ کی مشہور ٹوائے ٹرین سروس بدھ کو مسلسل تیسرے دن بھی معطل رہی۔ ہماچل پردیش میں لگاتار موسلا دھار بارش سے ہونے والے متعدد لینڈ سلائیڈنگ اور پٹریوں پر ملبہ گرنے کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس نے دارالحکومت کے سیاحتی شعبے اور ٹیکسی کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے۔
لگاتار ایک ہفتے سے جاری بھاری بارش نے ریاست میں عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ نارتھرن ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج کے اس تنگ گیج روٹ پر تمام خدمات 5 ستمبر تک معطل رہیں گی، کیونکہ انجینئر ملبہ ہٹانے اور پٹری کے نقصان زدہ حصوں کی مرمت میں مصروف ہیں، خاص طور پر سولن ضلع کے دتیاڑ کے قریب، جہاں اطلاعات کے مطابق پٹری کا ایک حصہ بہہ گیا ہے۔
ٹرین کی معطلی نے مقامی سیاحت سے جڑے کاروباروں کو سخت دھچکا پہنچایا ہے، خاص طور پر اس مانسون سیزن میں جب زیادہ تر سیاح محفوظ اور دلکش سفر کے لیے ٹوائے ٹرین کو ترجیح دیتے ہیں۔
شملہ ریلوے اسٹیشن پر ٹیکسی یونین کے صدر لکی نے بتایا کہ خدمات بند ہونے سے کئی ڈرائیوروں کے لیے روزی روٹی مشکل ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارش نے بہت مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ تقریباً ہر جگہ سڑکیں بند ہیں۔ ہمارا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ٹرین ہی سیاحوں کو لا رہی تھی لیکن اب پانچ دنوں سے بند ہے۔ روز کے اخراجات نکالنا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ ریلوے نے باضابطہ طور پر 5 ستمبر تک معطلی کا اعلان کیا ہے، لیکن نقصان کافی زیادہ ہے۔کہا جا رہا ہے کہ کئی جگہوں پرلینڈ سلائیڈنگ ہوا ہے اور دتیاڑ کے نزدیک تو پٹری ہی بہہ گئی ہے۔ اسٹیشن کے آس پاس بھی ہمیں اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل چلنا پڑتا ہے کیونکہ ہر جگہ درخت گر رہے ہیں۔ ہماری روزی صرف ٹرین کی وجہ سے چل رہی تھی، اور جب سے یہ بند ہے، سب کچھ ٹھپ ہو گیا ہے۔
انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ ہٹانے اور پٹری کی بحالی کے لیے ٹیمیں تعینات کی ہیں، مگر مزید بارش کی پیشگوئی کے باعث خدمات کے دوبارہ شروع ہونے کا وقت غیر یقینی ہے۔ 1903 میں بنی کالکا-شملہ ٹوائے ٹرین ایک ورثہ ٹرین روٹ ہے اور خطے کی سب سے بڑی سیاحتی کشش میں شمار کی جاتی ہے، جو پہاڑوں، وادیوں اور نوآبادیاتی دور کی عمارتوں کے دلکش نظارے پیش کرتی ہے۔ مانسون کے عروج پر اس کی طویل معطلی سے شہر کے سیاحت پر انحصار کرنے والوں کو مزید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔