نئی دہلی/ آواز دی وائس
گھر سے نقد رقم برآمد ہونے کے معاملے میں جسٹس یشونت ورما کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے اس معاملے میں کچھ دیر بعد اپنا فیصلہ بھی سنا دیا۔ یہ فیصلہ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس اے جی مسیح کی بینچ نے سنایا۔ 30 جولائی کو عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ جسٹس ورما نے دہلی ہائی کورٹ میں جج کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے اپنے گھر سے جلتی ہوئی نقدی برآمد ہونے کے معاملے میں بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی تھی۔ ساتھ ہی اُس وقت کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی جانب سے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے صدر جمہوریہ اور وزیراعظم نریندر مودی کو بھیجی گئی سفارش کو بھی جسٹس ورما نے چیلنج کیا تھا۔
جسٹس یشونت ورما کی تمام دلیلیں مسترد
گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے تھے کہ جب وہ خود تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے کارروائی میں شامل ہوئے، تو اب اس کی قانونی حیثیت پر سوال کیسے اٹھا سکتے ہیں؟ عدالت نے جسٹس یشونت ورما کی تمام دلیلیں مسترد کر دیں۔
عدالت نے کہا کہ ان کے طرزِ عمل سے اعتماد قائم نہیں ہوتا۔ چیف جسٹس کی جانب سے اپنائی گئی کارروائی کو قانونی اور آئینی حیثیت حاصل ہے۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس اے جی مسیح کی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جسٹس ورما کے رویے سے کوئی اعتماد پیدا نہیں ہوا اور چیف جسٹس کی جانب سے صدر جمہوریہ و وزیراعظم کو بھیجی گئی سفارش مکمل طور پر آئینی اور قانونی ہے۔
عدالتِ عظمیٰ نے وکیل میتھیو نیدم پاری کی اس عرضی کو بھی خارج کر دیا جس میں جسٹس ورما کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔
بینچ نے چھ نکات طے کیے اور فیصلہ سنایا
سماعت کے قابل نہیں: عدالت نے کہا کہ داخلی عدالتی طریقہ کار کے تحت کام کرنے والے ایک حاضر سروس جج کے طرز عمل کو چیلنج کرنے والی رِٹ عرضی قابلِ سماعت نہیں ہے۔
قانونی طریقہ کار: داخلی کارروائی کو قانونی منظوری حاصل ہے اور یہ آئینی دائرے سے باہر کوئی متوازی نظام نہیں ہے۔
حقوق کی خلاف ورزی نہیں: عدالت نے کہا کہ جسٹس ورما کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
طریقہ کار کی پابندی: چیف جسٹس آف انڈیا اور تحقیقاتی کمیٹی نے مکمل دیانت داری کے ساتھ طریقہ کار کی پیروی کی۔
تصاویر اور ویڈیوز کی اپ لوڈنگ غیر ضروری تھی: عدالت نے کہا کہ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنا ضروری نہیں تھا، خاص طور پر جب اس وقت کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا۔
انتظامیہ کو رپورٹ بھیجنا آئینی تھا: عدالت نے کہا کہ وزیراعظم اور صدر کو رپورٹ بھیجنا غیر آئینی نہیں تھا۔
سپریم کورٹ نے کیا کہا؟
عدالت نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور صدر جمہوریہ کو خط بھیجنا غیر آئینی اقدام نہیں تھا۔
چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے 14 مارچ کی رات جسٹس ورما کی رہائش گاہ کے احاطے سے جلتی ہوئی نقدی کا ویڈیو اپلوڈ کیا تھا۔ اس پر عدالت نے کہا کہ اگرچہ یہ ضروری نہیں تھا، لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ جسٹس ورما نے کبھی اس پر اعتراض نہیں کیا اور وہ خود تفتیشی کارروائی میں شامل ہوئے تھے۔
جسٹس دیپانکر دتہ نے یہ بھی واضح کیا کہ اس پوری کارروائی سے عرضی گزار کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ عدالت نے تسلیم کیا کہ چیف جسٹس اور تفتیشی کمیٹی نے پورے عمل کو دیانت داری سے مکمل کیا، جس میں تصاویر اور ویڈیوز کی اپلوڈنگ بھی شامل تھی۔
جسٹس ورما کی عرضی میں کیا مطالبہ تھا؟
جسٹس ورما نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی سرکاری رہائش گاہ کے احاطے سے نقدی برآمد ہونے کے معاملے میں بنائی گئی تفتیشی رپورٹ کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ساتھ ہی، چیف جسٹس کی جانب سے صدر جمہوریہ اور وزیراعظم کو ان کے اخراج کے لیے بھیجی گئی سفارش کو بھی چیلنج کیا گیا تھا۔