نئی دہلی: اانڈیا اتحاد نے بی سدرشن ریڈی کو نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیا ہے مسٹر کھڑگے کے علاوہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے لیڈر شرد پوار، ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن، ڈی ایم کے کی کنیموزی، شیوسینا کے اروند ساونت سمیت تمام اہم لیڈران میٹنگ میں موجود تھے مسٹر کھڑگے نے منگل کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر انڈیا اتحاد کے قائدین کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں مسٹر ریڈی کے نام کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر ریڈی ملک کے معروف قانون دان ہیں اور کئی ہائی کورٹس میں خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ میں بھی کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد مسٹر ریڈی کا نام انڈیا الائنس کی جانب سے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مسٹر ریڈی ان اقدار کی پوری طرح عکاسی کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے ملک کی تحریک آزادی کو اتنی گہرائی سے تشکیل دیا، وہ اقدار جن پر ملک کا آئین اور جمہوریت قائم ہے۔
انہوں نے نائب صدر کے انتخاب کو ایک نظریاتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ساری زندگی آئین کی اقدار کی عکاسی کرتے ہوئے ان اقدار کے لیے لڑتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ریڈی سپریم کورٹ کے سابق جج رہے ہیں۔ وہ سپریم کورٹ میں جج بننے سے پہلے ملک کے سب سے ممتاز اور ترقی پسند قانون دانوں میں سے ایک ہیں۔ ان کا ایک طویل اور ممتاز قانونی کیریئر رہا ہے، جس میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے جج، گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف کے مستقل اور جرأت مند حامی رہے ہیں۔ مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ملک کی جمہوری اور آئینی اقدار پر حملہ کیا جارہا ہے اور انڈیا اتحاد ان حملوں کا سخت جواب دے رہا ہے۔ اتحاد نے مل کر انتخابات لڑنے اور اس حملے کو چیلنج کرنے کے لیے مضبوطی سے لڑنے کا عزم کیا ہے اور یہ اسی عزم کا عکاس ہے کہ مسٹر ریڈی کو نائب صدر کے عہدے کے لیے اپوزیشن کا امیدوار بنایا گیا ہے