نئی دہلی/ آواز دی وائس
چیف جسٹس (سی جے آئی) بھوشن گوئی نے بدھ کے روز بمبئی ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی سنگِ بنیاد رکھی اور اعتماد ظاہر کیا کہ یہ نیا احاطہ ’’انصاف کا مندر‘‘ ثابت ہوگا، ’’سات ستارہ ہوٹل‘‘ نہیں۔ مضافاتی علاقے باندرہ (ایسٹ) میں سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ نئی عمارت کسی سامراجی طرزِ تعمیر کی نمائندہ نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اسے آئین میں درج جمہوری اقدار کے مطابق بنایا جانا چاہیے۔
چیف جسٹس گوئی نے کہا کہ عدالتی عمارتوں کی منصوبہ بندی کرتے وقت ہم عام طور پر ججوں کی ضروریات پر توجہ دیتے ہیں، لیکن ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہم دراصل شہریوں یعنی فریقینِ مقدمہ کی سہولت کے لیے موجود ہیں۔‘‘ چیف جسٹس نے بتایا کہ 24 نومبر کو ان کی مدتِ کار ختم ہونے سے قبل یہ ان کا مہاراشٹر کا آخری دورہ ہے، اور وہ اپنے آبائی ریاست میں عدالتی ڈھانچے کی ترقی سے مطمئن ہیں۔
جسٹس گوئی نے 14 مئی 2025 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں میں اس تقریب کا حصہ بننے سے کچھ ہچکچا رہا تھا، مگر اب میں شکر گزار ہوں کہ بطور ایک ایسے جج کے، جس نے کبھی بمبئی ہائی کورٹ میں فرائض انجام دیے تھے، میں اپنے دورِ ملازمت کا اختتام ملک کی سب سے شاندار عدالتی عمارت کی بنیاد رکھ کر کر رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ، مقننہ اور انتظامیہ کو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے معاشرے کو انصاف فراہم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ چیف جسٹس نے زور دے کر کہا کہ یہ عمارت انصاف کا مندر ہونی چاہیے، سات ستارہ ہوٹل نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک تاریخی لمحہ ہے، بمبئی ہائی کورٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب یہ عمارت مکمل ہو جائے گی تو یہ ممبئی کے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر سب سے شاندار تعمیر ہوگی۔چیف جسٹس نے اس تاثر سے بھی اختلاف کیا کہ مہاراشٹر عدلیہ کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے میں پیچھے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے مختصر دورِ کار کے دوران انہوں نے ریاست میں کئی عدالتی عمارتوں کا سنگِ بنیاد رکھا یا افتتاح کیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ دیویندر فڈنویس نے کہا کہ نیا احاطہ بمبئی ہائی کورٹ کی موجودہ تاریخی عمارت کا تکمیلی حصہ ہوگا، جو 1862 سے ملک کی تاریخ کے کئی اہم لمحات اور سنگِ میلوں کی شاہد رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی ممبئی میں واقع پرانی ہائی کورٹ کی عمارت کی تعمیر اُس وقت صرف 16,000 روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی تھی، اور مختص رقم میں سے 300 روپے کی بچت بھی کی گئی تھی۔ وزیرِاعلیٰ نے مزید کہا کہ انہوں نے اس منصوبے سے منسلک مشہور معمار حفیز کنٹریکٹر سے یہ درخواست کی ہے کہ نئی عمارت کی عظمت و شان جمہوری طرز پر رکھی جائے، سامراجی طرز پر نہیں۔