زوبین گرگ کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2025
زوبین گرگ کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم
زوبین گرگ کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم

 



گواہاٹی: آسام حکومت نے معروف گلوکار و موسیقار زوبین گرگ کی موت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک رکنی عدالتی کمیشن تشکیل دیا ہے۔ یہ اطلاع ایک سرکاری حکم نامے میں دی گئی۔ سیاسی محکمے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، گواہاٹی ہائی کورٹ کے جج سومتر سیکیا کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا یہ کمیشن چھ ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر نے یہ حکم جمعہ کی رات دیر گئے ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیا۔ حکم کے مطابق، کمیشن 19 ستمبر کو سنگاپور میں زوبین گرگ کی موت سے متعلق ’’حقائق اور حالات‘‘ کی تفصیلی جانچ کرے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایک رکنی پینل اس بات کی بھی تحقیقات کرے گا کہ کیا زوبین گرگ کی موت کسی شخص، ادارے یا اتھارٹی کی کوتاہی، لاپرواہی یا غفلت کے نتیجے میں ہوئی۔

اس کے علاوہ کمیشن یہ بھی جانچ کرے گا کہ آیا اس واقعے کے پسِ پشت کوئی سازش یا گڑبڑ تو نہیں تھی۔ یاد رہے کہ زوبین گرگ کی موت سنگاپور میں سمندر میں تیراکی کے دوران پراسرار حالات میں ہوئی تھی۔ وہ شیامکانو مہنت اور ان کی کمپنی کے زیر اہتمام منعقدہ ’نارتھ ایسٹ انڈیا فیسٹیول‘ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

پورے آسام میں اس معاملے کو لے کر ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ریاستی سی آئی ڈی اس وقت زوبین گرگ کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے، کیونکہ شیامکانو مہنت، گلوکار کے منیجر سدھارتھ شرما، بینڈ کے اراکین شیکھرجوتی گوسوامی اور امرت پربھا مہنت سمیت تقریباً 10 دیگر افراد کے خلاف 60 سے زائد ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔ اب تک فیسٹیول کے منتظم، منیجر اور بینڈ کے دو اراکین کو گرفتار کر کے 14 دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔