نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو اس صحافی کو تعزیری کارروائی سے تحفظ فراہم کیا، جس نے ایودھیا کے رام مندر میں چندے کے انتظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کو اجاگر کیا تھا اور غازی آباد پولیس کی جانب سے روڈ ریج کے معاملے میں اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو چیلنج کیا ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریا کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا پر مشتمل بنچ نے اتر پردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا اور ہدایت دی کہ غازی آباد کے اندراپورم تھانے میں درج ایف آئی آر کی ایک نقل ابھیشیک اپادھیائے کو فراہم کی جائے۔
عدالت نے پولیس سے تعمیل سے متعلق حلف نامہ بھی طلب کیا۔ سپریم کورٹ نے اپادھیائے سے کہا کہ وہ ایف آئی آر منسوخ کرانے کے لیے الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں اور معاملے کی اگلی سماعت 7 ستمبر مقرر کی۔ اپنی عرضی میں اپادھیائے نے کہا کہ انہیں ایف آئی آر کی نقل فراہم نہیں کی گئی اور پولیس قریبی دکانداروں پر واقعے کے متعلقہ وقت کی سی سی ٹی وی فوٹیج حذف کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
اپادھیائے نے ایف آئی آر منسوخ کرنے یا متبادل طور پر تحقیقات اتر پردیش پولیس کے بجائے کسی آزاد ایجنسی کے حوالے کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اتر پردیش میں مبینہ بدعنوانی سے متعلق ان کی رپورٹنگ کی وجہ سے ان کے خلاف یہ ایف آئی آر جان بوجھ کر درج کی گئی ہے۔