ممتاز مسلم تنظیموں کے مشترکہ وفد کی فرانسیسی سفارت خانے کے پولیٹیکل کونسلر سے ملاقات
نئی دہلی : ممتاز مسلم تنظیموں کے مشترکہ وفد نے ہندوستان میں فرانسیسی سفارت خانے کے پولیٹیکل کونسلر جناب شاد جوینال عابدین سے ملاقات کی۔وفد نے فرانسیسی حکومت پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جاری مصائب کو ختم کرنے میں ٹھوس اور مؤثر کردار ادا کرے۔ امن و انصاف کے حامی شہریوں اور بھارت کی مسلم تنظیموں کی جانب سے، سفارت خانے کے ذریعے، فرانسیسی حکومت کے سامنے درج ذیل مطالبات پیش کیے گئے:
تشدد پر مضبوط اخلاقی مؤقف اختیار کریں: غزہ میں جاری اندھا دھند طاقت کے استعمال، بشمول عام شہریوں اور شہری ڈھانچوں پر حملوں، پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک عوامی بیان جاری کریں، کیونکہ یہ اقدامات بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور بحران کو مزید گہرا کر رہے ہیں۔
-
احتساب کی حمایت کریں: اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے جاری کردہ وارنٹِ گرفتاری کی تائید کریں اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی اپیل کی حمایت کریں۔
-
اسرائیل سے تعلقات منقطع کریں: اسرائیل کے ساتھ فوجی، اقتصادی اور سفارتی روابط اس وقت تک معطل کریں جب تک وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری نہیں کرتا اور غزہ میں اپنی جارحیت بند نہیں کرتا۔
-
انسانی ہمدردی کی امداد فراہم کریں: ریلیف سرگرمیوں کے لیے خاطر خواہ وسائل فراہم کریں، جن میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ریلیف اینڈ ورک(UNRWA) کی مالی معاونت شامل ہو، اور خوراک، پانی، ایندھن اور طبی سامان پہنچانے کے لیے انسانی ہمدردی کے راستوں کو فوری کھولنے کی وکالت کریں۔
-
فلسطینی عوام کے حقوق اور حقِ خود ارادیت کی حمایت کریں: بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم شدہ فلسطینی عوام کے اس حق کو برقرار رکھیں کہ وہ قبضے کے خلاف مزاحمت کریں اور اپنے جائز طور پر منتخب نمائندوں کے ذریعے اپنے امور خود چلائیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ انہیں وقار، خودمختاری اور اپنے مستقبل کا تعین کرنے کا حق حاصل ہو۔
وفد میں شامل شخصیات یہ تھیں: سید سعادت اللہ حسینی (امیر جماعت اسلامی ہند)، ڈاکٹر ایس قمر الیاس (ترجمان، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)، مولانا محمد ندیم صدیقی سلفی (صدر، مرکزی جمعیت اہل حدیث، دہلی)، محمد شفیع مدنی (قومی سیکریٹری، جماعت اسلامی ہند)، ایڈووکیٹ انیس الرحمٰن (جنرل سیکریٹری، اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا)، اور ڈاکٹر رضوان رفیقی (قومی اسسٹنٹ سیکریٹری، جماعت اسلامی ہند)۔