رانچی / آواز دی وائس
جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جھامومو) کے بانی شیبو سورین کا پیر کے روز انتقال ہو گیا۔ وہ 81 برس کے تھے۔ ان کے بیٹے اور جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے ان کے انتقال کی اطلاع دی۔ شیبو سورین کے انتقال کے ساتھ ہی سیاست کے ایک دور کا اختتام ہو گیا۔
جھارکھنڈ اسمبلی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا، جبکہ ریاستی حکومت نے سابق وزیراعلیٰ کے انتقال پر تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا۔ جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ شیبو سورین گردوں کے مسائل کی وجہ سے ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے دہلی کے سر گنگا رام اسپتال میں زیر علاج تھے۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے شیبو سورین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا انتقال سماجی انصاف کے میدان میں ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ مرمو نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جناب شیبو سورین جی کا انتقال سماجی انصاف کے میدان میں ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے قبائلی شناخت اور جھارکھنڈ ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ شیبو سورین قبائلی برادری، غریبوں اور محروموں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم تھے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ شیبو سورین جی ایک زمینی لیڈر تھے جو عوام کے تئیں اپنے ناقابل متزلزل عزم کی وجہ سے ایک عوامی رہنما بنے۔ وہ قبائلی برادریوں، غریبوں اور محروموں کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی طور پر وقف تھے۔
مودی نے مزید کہا کہ ان کے انتقال سے بہت دکھ ہوا۔ میری ہمدردیاں ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے ساتھ ہیں۔ میں نے جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین جی سے بات کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔ اوم شانتی۔
ہیمنت سورین نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ محترم دشوم گروجی ہم سب کو چھوڑ کر چلے گئے... میں آج خود کو بالکل خالی محسوس کر رہا ہوں۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا کہ جناب شیبو سورین جی کے انتقال سے گہرا دکھ ہوا ہے۔ وہ ہندوستانی سیاست کے ایک نمایاں چہرہ تھے، جنہوں نے اپنی زندگی محروم طبقے اور جھارکھنڈ کی شناخت بنانے کے لیے وقف کر دی۔ ان کی میراث آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ ان کے اہل خانہ اور ان گنت مداحوں کے لیے میری دلی تعزیت۔ اوم شانتی۔
ریاست کے وزیر صحت عرفان انصاری نے بتایا کہ شیبو سورین کا جسد خاکی شام تقریباً چار بجے رانچی لایا جائے گا، جس کے بعد اسے مورابادی میں واقع ان کی رہائش گاہ لے جایا جائے گا۔
منگل کی صبح 11 بجے ان کا جسد خاکی جھارکھنڈ اسمبلی لایا جائے گا اور پھر رام گڑھ ضلع میں ان کے آبائی گاؤں نیمرا لے جایا جائے گا۔
شیبو سورین کا سر گنگا رام اسپتال کے نیفرولوجی شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر اے کے بھلّا کی نگرانی میں 19 جون سے علاج چل رہا تھا۔ ڈاکٹر بھلّا نے بتایا کہ شیبو سورین کو صبح 8 بج کر 56 منٹ پر مردہ قرار دیا گیا۔ ڈاکٹر نے کہا کہ وہ گردوں کی بیماریوں میں مبتلا تھے اور ڈیڑھ ماہ قبل انہیں دورہ بھی پڑا تھا۔ وہ پچھلے ایک ماہ سے لائف سپورٹ پر تھے۔
اسپتال نے ایک بیان میں کہا کہ ہماری ملٹی ڈسپلنری میڈیکل ٹیم کی مسلسل کوششوں کے باوجود، شیبو سورین کا 4 اگست 2025 کو انتقال ہو گیا۔ ان کے آخری لمحات میں ان کے اہل خانہ ان کے ساتھ موجود تھے۔
شیبو سورین گزشتہ 38 برسوں سے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے لیڈر رہے اور پارٹی کے بانی سرپرست بھی تھے۔