جندل اسٹیل میں قدرتی گیس کی کمی،سنتھیسِس گیس کا استعمال شروع

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-04-2026
جندل اسٹیل میں قدرتی گیس کی کمی،سنتھیسِس گیس کا استعمال شروع
جندل اسٹیل میں قدرتی گیس کی کمی،سنتھیسِس گیس کا استعمال شروع

 



نئی دہلی:جندل اسٹیل نے قدرتی گیس، ایل پی جی اور پروپین کی کمی سے نمٹنے کے لیے ‘گیلوانائزنگ’ اور ‘کلر کوٹنگ’ لائن کی بھٹیوں میں ‘سنتھیسِس گیس’ (سنگیس) کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ اس سے سپلائی میں رکاوٹ کے باوجود کمپنی کو اپنے آپریشن جاری رکھنے میں مدد ملی ہے۔ ‘سنگیس’ یا ‘سنتھیسِس گیس’ ایک صاف جلنے والا ایندھن ہے جو فضلہ اور حیاتیاتی مادوں کو مفید توانائی میں تبدیل کرنے کا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔

کمپنی کے مطابق کوئلے کی گیس سازی سے تیار کردہ ‘سنگیس’ کے استعمال سے ان اہم آخری پراسیسنگ مراحل میں ایندھن کی کمی کو دور کرنے میں مدد ملی ہے۔ ان مراحل میں بلند درجہ حرارت والی بھٹیاں درکار ہوتی ہیں، جن کا استعمال تعمیرات، آلات اور گاڑیوں کے شعبوں میں استعمال ہونے والی اسٹیل پٹیوں (اسٹرپس) پر زنک اور رنگ کی تہہ چڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

‘گیلوانائزنگ لائن’ کی بھٹیاں اسٹیل پر تحفظ کے لیے زنک کی تہہ چڑھاتی ہیں، جبکہ ‘کلر کوٹنگ لائن’ کی بھٹیاں دھات پر لگائے گئے نامیاتی رنگ کو پکاتی ہیں۔ یہ دونوں عمل زنگ سے بچاؤ اور پائیداری بڑھانے کے لیے مسلسل اور تیز رفتار پیداوار لائن پر انجام دیے جاتے ہیں۔

کمپنی نے پیر کو اسٹاک مارکیٹ کو دی گئی اطلاع میں کہا، “قدرتی گیس، ایل پی جی اور پروپین کی کمی کے پیش نظر جندل اسٹیل نے گیلوانائزنگ اور کلر کوٹنگ لائن کی بھٹیوں میں ‘سنگیس’ کا کامیابی سے استعمال شروع کیا ہے۔ اسٹیل صنعت میں اس نوعیت کا یہ پہلا تجربہ ہے، جس سے ان غیر معمولی حالات میں ایندھن کی کمی سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد ملی ہے۔

اس میں کہا گیا کہ کمپنی نے کوئلہ گیس سازی پر مبنی ملک کا پہلا ڈائریکٹ ریڈیوسڈ آئرن (DRI) پلانٹ قائم کر کے عالمی سطح پر بھی ایک نئی پہل کی ہے، جہاں لوہے کی پیداوار کے لیے ‘سنگیس’ استعمال ہوتی ہے۔ جندل اسٹیل نے بتایا کہ اس نے اپنے بلاسٹ فرنس میں ‘سنگیس انجیکشن’ کا عمل بھی شروع کیا ہے، جس سے درآمد شدہ کوکنگ کوئلے پر انحصار کم ہوا ہے اور فی ٹن اسٹیل کاربن اخراج میں بھی کمی آئی ہے۔

جندل اسٹیل کے انگول پلانٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی کے بیجو نائر نے کہا، “مقامی کوئلے سے تیار کردہ سنتھیسِس گیس درآمد شدہ میتھانول، امونیا، امونیم نائٹریٹ اور مائع قدرتی گیس کا متبادل بن سکتی ہے۔ بھارت کو اپنے وسیع کوئلہ ذخائر کا استعمال کرتے ہوئے مستقبل میں کم کاربن اخراج والی ترقی کو یقینی بنانا چاہیے اور زرمبادلہ کے اخراج کو کم کرنا چاہیے۔” قابل ذکر ہے کہ 12 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے ساتھ جندل اسٹیل کے پلانٹس اوڈیشہ کے انگول، چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ اور جھارکھنڈ کے پتراتو میں واقع ہیں۔ کمپنی کے بھارت اور افریقہ میں بھی اسٹریٹجک آپریشنز موجود ہیں۔