نئی دہلی، 2 ستمبر 2025: جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے نائب صدر ملک معتصم خان نے 2020 دہلی فسادات سازش کیس میں دہلی ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے عمر خالد، شرجیل امام اور کئی دیگر کارکنان کی یو اے پی اے(UAPA) کے تحت ضمانت کی عرضیوں کو مسترد کرنا ’’انتہائی دل توڑنے والا‘‘ ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ نوجوان تقریباً پانچ برسوں سے جیل میں ہیں اور ان کا مقدمہ ابھی تک باضابطہ طور پر شروع بھی نہیں ہوا۔ اس طرح انصاف میں تاخیر دراصل انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔ مقدمے سے پہلے اتنی طویل قید خود ایک سزا بن جاتی ہے۔
ملک معتصم خان نے زور دے کر کہا کہ ضمانت نہ دینا اور اتنی طویل نظربندی دراصل ملزم کو مجرم تصور کرنے کے مترادف ہے، حالانکہ ہندوستان کے نظامِ انصاف کی بنیاد یہ اصول ہے کہ ’’جب تک جرم ثابت نہ ہو ملزم بے گناہ ہے‘‘۔ بدقسمتی سے یہ فیصلہ اس اصول کو مجروح کرتا ہے۔
جے آئی ایچ کے نائب صدر نے کہا، ’’ہم اس بات پر بھی فکرمند ہیں کہ یو اے پی اے جیسے سخت قوانین کا غلط استعمال طلبہ کارکنان اور سول سوسائٹی کے اراکین کے خلاف کیا جا رہا ہے، جنہوں نے پرامن اینٹی سی اے اے احتجاج میں حصہ لیا۔ جمہوری حقِ اختلاف رائے کے استعمال پر انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کا اطلاق ایک خطرناک روایت قائم کرتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں نہ کوئی اسلحہ برآمد ہوا، نہ ہی ان کے تشدد میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے۔ ’’جن تقاریر کا حوالہ دیا جا رہا ہے وہ فسادات سے کئی ہفتے قبل کی ہیں۔ واٹس ایپ گروپ کی رکنیت کو سازش کے برابر قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اور یہ کہنا کہ ملزمان ملک کو عالمی سطح پر بدنام کر رہے تھے یا قوم کو تقسیم کرنا چاہتے تھے، یہ سب محض سیاسی دعوے ہیں، جنہیں عدالت میں ٹھوس ثبوت کی جگہ نہیں لینا چاہیے-
ملک معتصم خان نے تنبیہ کی کہ یہ فیصلہ پرامن احتجاج اور آزادی اظہار پر ’’خوفناک اثرات‘‘ مرتب کرے گا، جس کا سب سے زیادہ نقصان اقلیتوں اور طلبہ کارکنان کو ہوگا۔ انہوں نے کہا، ’’فسادات کے اصل مجرم آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں، جبکہ پرامن احتجاج کرنے والے جیل کی سلاخوں کے پیچھے سڑ رہے ہیں۔ یہ انصاف نہیں ہے۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ اس معاملے کی فوری سماعت کرے تاکہ مزید تاخیر کے بغیر انصاف فراہم کیا جا سکے۔ ’’ہم امید کرتے ہیں کہ اعلیٰ عدلیہ جمہوری آزادیوں پر اعتماد بحال کرے گی، اصل مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی-۔