جھیرم گھاٹی نکسل حملہ: این آئی اے عدالت نے تمام 10 ملزمان کو قصوروار قرار دیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2026
جھیرم گھاٹی نکسل حملہ: این آئی اے عدالت نے تمام 10 ملزمان کو قصوروار قرار دیا
جھیرم گھاٹی نکسل حملہ: این آئی اے عدالت نے تمام 10 ملزمان کو قصوروار قرار دیا

 



جگدل پور: چھتیس گڑھ کے بستر ضلع میں قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے 2013 کے جھیرم گھاٹی ماؤ نواز حملے کے معاملے میں ہفتے کے روز تمام 10 ملزمان کو قصوروار قرار دے دیا۔ اس حملے میں کانگریس کے سینئر رہنماؤں سمیت 29 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دفاع کے وکیل اروند چودھری نے بتایا کہ جگدل پور میں این آئی اے کے خصوصی جج اجے سنگھ راجپوت کی عدالت نے دو خواتین سمیت تمام 10 ملزمان کو قصوروار قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت نے سزا کی مدت سے متعلق اپنا فیصلہ 16 ستمبر تک محفوظ رکھ لیا ہے۔ سماعت کے دوران 101 گواہوں کے بیانات درج کیے گئے۔ قصوروار قرار دیے گئے ملزمان میں پرمیلا موڈیام (40)، چیتو لیکام، سمترا پونیم موڈیام، مکا منڈاوی، کوسا کواسی، آیتا مرکام، مڈکامی دیوا، جوگا مڈکامی، بنجامی سنا اور مہادیو ناگ شامل ہیں۔

چودھری نے پی ٹی آئی-بھاشا سے کہا، ’’ہم اس فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کریں گے۔ ہمیں ابھی تک فیصلے کی نقل نہیں ملی ہے۔ اس کے بعد ہی اپیل کی بنیاد کے بارے میں بتا سکیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دفاعی فریق نے اپنا مقدمہ مضبوطی سے پیش کیا اور امید ہے کہ ملزمان کو ہائی کورٹ سے انصاف ملے گا۔ چودھری نے بتایا کہ اس معاملے میں گرفتار کیے گئے 11 ملزمان کے خلاف سماعت شروع ہوئی تھی، جن میں سے ایک کی دورانِ سماعت موت ہوگئی۔ قصوروار قرار دیے گئے کوسا کواسی کے بھائی گڈو کواسی نے دعویٰ کیا کہ ان کے بھائی اور مکا منڈاوی کو اس معاملے میں جھوٹا پھنسایا گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حملے کے وقت کوسا کواسی اپنے خاندان میں شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے، جبکہ منڈاوی بھی گاؤں میں شادی کی تیاری کر رہے تھے۔ گڈو نے کہا، ’’وہ حملے کے وقت وہاں موجود نہیں تھے۔ جو لوگ اس میں شامل تھے، انہوں نے خودسپردگی کر دی اور آزاد گھوم رہے ہیں، جبکہ جو لوگ شامل نہیں تھے وہ سزا بھگت رہے ہیں۔ خاندان کے لوگ ٹوٹ چکے ہیں۔‘‘ یہ حملہ 25 مئی 2013 کو ہوا تھا، جب ماؤ نوازوں نے بستر ضلع کے دربھہ تھانے کے علاقے میں جھیرم گھاٹی کے مقام پر ایک قومی شاہراہ پر کانگریس کی ’’پریورتن یاترا‘‘ پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔

اس حملے میں کانگریس رہنماؤں، عام شہریوں اور 10 سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم 29 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں اس وقت کے ریاستی کانگریس صدر نند کمار پٹیل اور ان کے بیٹے دنیش، سابق قائد حزب اختلاف مہندر کرما، سابق مرکزی وزیر ودیا چرن شکلا اور سینئر رہنما و سابق رکن اسمبلی ادے مدولیار شامل تھے۔ یہ ریلی اسی سال کے آخر میں ہونے والے چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات سے قبل منعقد کی گئی تھی۔

واقعے کے بعد ریاستی پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا، لیکن رمن سنگھ کی قیادت والی اس وقت کی بی جے پی حکومت نے حملے کے دو دن کے اندر تحقیقات این آئی اے کے حوالے کر دی تھیں۔ ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے اس وقت کے جج پرشانت کمار مشرا کی سربراہی میں ایک عدالتی کمیشن بھی تشکیل دیا تھا۔ این آئی اے نے 25 ستمبر 2014 کو جگدل پور کی خصوصی عدالت میں گرفتار کیے گئے نو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔ 28 ستمبر 2015 کو اس نے 35 ملزمان کے خلاف ضمنی چارج شیٹ داخل کی، جن میں سے دو کو بعد میں گرفتار کیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ این آئی اے کی جانب سے مفرور قرار دیے گئے کچھ ملزمان نے بعد میں مرکزی دھارے میں شامل ہونے کے لیے پولیس کے سامنے خودسپردگی کردی۔ جنوری 2019 میں بھوپیش بگھیل کی قیادت والی اس وقت کی کانگریس حکومت نے حملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی۔ حکومت کا کہنا تھا کہ این آئی اے نے حملے کے پیچھے بڑی سازش کی تحقیقات نہیں کی تھیں۔ اس کے بعد 25 مئی 2020 کو پولیس نے دربھہ تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل) اور 120 بی (مجرمانہ سازش) کے تحت ایک نئی ایف آئی آر درج کی۔

یہ ایف آئی آر حملے میں ہلاک ہونے والے کانگریس رہنما ادے مدولیار کے بیٹے جتیندر مدولیار کی شکایت پر درج کی گئی تھی۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ سازش کرنے والے اب بھی مفرور ہیں اور این آئی اے کی تحقیقات میں سازش کے پہلو کو شامل نہیں کیا گیا۔ این آئی اے نے نئی سرے سے تحقیقات کے لیے 16 جون 2020 کو خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی۔ عدالت نے یہ درخواست مسترد کردی۔ بعد میں ایجنسی نے معاملے کی تحقیقات اپنے حوالے کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا، لیکن عدالت نے مداخلت سے انکار کردیا۔ تب سے یہ معاملہ چھتیس گڑھ میں ایک بڑا سیاسی مسئلہ بنا ہوا ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل بار بار الزام لگاتے رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے بڑی سازش کی تحقیقات نہیں کی گئیں۔ بگھیل نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ سازش کے سلسلے میں این آئی اے کی ایف آئی آر میں ابتدا میں ماؤ نواز رہنماؤں گنپتی اور رمنا کے نام شامل تھے، لیکن چارج شیٹ میں ان کے نام نہیں تھے۔ کانگریس نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ 2014 میں مرکز میں این ڈی اے حکومت بننے کے بعد این آئی اے کی تحقیقات کی رفتار سست پڑ گئی تھی۔ اس دوران چھتیس گڑھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے 6 نومبر 2021 کو اس وقت کی گورنر انوسویا اوئیکے کو جھیرم گھاٹی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ سونپی۔

اس وقت وزیر اعلیٰ رہے بگھیل نے بعد میں گورنر کو رپورٹ سونپنے کے طریقہ کار پر سوال اٹھایا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو راج بھون سے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی تھی۔ بعد میں کانگریس حکومت نے نئے چیئرمین اور رکن کی تقرری کرکے عدالتی کمیشن کی تشکیل نو کی اور اس کی مدت میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی۔ اس کے بعد چھتیس گڑھ ہائی کورٹ نے ازسرنو تشکیل دیے گئے کمیشن کی کارروائی پر روک لگا دی، کیونکہ 2013 کے حملے کی تحقیقات کے لیے اس کے دائرۂ اختیار میں توسیع کی گئی تھی۔ یہ حکم بی جے پی کے سینئر رکن اسمبلی اور اس وقت کے اپوزیشن لیڈر دھرم لال کوشک کی جانب سے دائر مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کے دوران دیا گیا تھا۔