رانچی: جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے جمعہ کو کہا کہ ریاست میں یورینیم وافر مقدار میں موجود ہے اور یہ ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ’ڈیفنس ایسٹ ٹیک‘ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے سورین نے کہا کہ ریاستی حکومت دفاعی شعبے میں خود کفالت کے لیے مرکز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
سورین نے کہا: ’’جھارکھنڈ یورینیم سے مالا مال ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں تعاون دے سکتا ہے۔ ریاستی حکومت دفاعی شعبے کو خود کفیل بنانے کے لیے مرکز کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری میں یورینیم ایک بنیادی جزو ہے۔
جھارکھنڈ کو ہندوستان میں یورینیم کے سب سے بڑے ذخائر کی وجہ سے خاص اہمیت حاصل ہے۔ خاص طور پر جادی گوڑا، تورام دیہا، سنگبھوم اور دیگر اضلاع میں یورینیم کی کانیں پائی جاتی ہیں۔ یہ کانیں یو سی آئی ایل (Uranium Corporation of India Limited) کے تحت چلتی ہیں۔ ہندوستان ایٹمی توانائی اور دفاعی صلاحیت میں خودکفالت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
یورینیم نہ صرف بجلی بنانے کے لیے نیوکلئیر ری ایکٹرز میں استعمال ہوتا ہے بلکہ ایٹمی ہتھیاروں میں بھی ایک کلیدی خام مال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جھارکھنڈ کا ذکر اکثر دفاعی حکمت عملی اور توانائی کے منصوبوں میں کیا جاتا ہے۔ ہیمنت سورین کے اس بیان کو ماہرین دفاعی ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک اسٹریٹجک پیغام مان رہے ہیں کہ جھارکھنڈ کے قدرتی وسائل ملک کی سلامتی اور خودمختاری میں براہِ راست کردار ادا کر سکتے ہیں۔