نئی دہلی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے پیر کو محکمہ جنگلات کے افسران (FRO) کی تقرریاں منسوخ کرنے والی سرکاری نوٹیفکیشن پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو اس معاملے میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی اور اگلی سماعت کے لیے 24 ستمبر کی تاریخ مقرر کی۔
جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کی قیادت والی حکومت نے بھرتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف طلبہ کی کئی ہفتوں سے جاری تحریک کے درمیان 18 اگست کو 2014 سے اب تک منعقد کیے گئے ایف آر او سمیت 22 امتحانات منسوخ کر دیے تھے اور مزید 23 امتحانات کی جانچ کے احکامات دیے تھے۔
ہائی کورٹ نے 22 اگست کو چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ افسران (سی ڈی پی او) اور جے ایس ایس سی-سی جی ایل امتحان کے ذریعے مقرر کیے گئے امیدواروں کی تقرریاں منسوخ کرنے والی نوٹیفکیشن پر روک لگا دی تھی۔ عدالت نے 21 اگست کو 11ویں اور 13ویں جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن (جے پی ایس سی) امتحانات منسوخ کرنے والی نوٹیفکیشن پر بھی روک لگا دی تھی۔ اس کے علاوہ فوڈ سیفٹی افسران کی تقرریاں منسوخ کرنے کے حکم پر بھی روک لگا دی تھی۔