جھارکھنڈ : جماعت 12 کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2026
جھارکھنڈ : جماعت 12 کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان
جھارکھنڈ : جماعت 12 کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان

 



نئی دہلی: جھارکھنڈ اکیڈمک کونسل (جے اے سی) نے بدھ کے روز جماعت 12 کے بورڈ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں کامرس اور آرٹس کے شعبوں میں طالبات جبکہ سائنس میں طلبہ نے سبقت حاصل کی۔ جے اے سی کے مطابق سائنس میں مجموعی کامیابی کی شرح 82.92 فیصد، کامرس میں 93.27 فیصد اور آرٹس میں 96.14 فیصد رہی۔

کونسل کے مطابق سائنس کے شعبے میں کامیاب طلبہ اور طالبات کی شرح بالترتیب 83.02 فیصد اور 82.76 فیصد رہی۔ کامرس کے شعبے میں 95.70 فیصد طالبات اور 91.59 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے، جبکہ آرٹس میں 96.68 فیصد طالبات اور 95.35 فیصد طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔

جے اے سی کے مطابق بوکارو کے ہرناتھ واقع کے این پلس-2 ہائی اسکول کی چھوٹی کماری نے سائنس میں سب سے زیادہ 95.6 فیصد نمبر حاصل کیے، جبکہ رانچی کے دھرووا میں واقع یوگوڈا ستسنگ انٹرمیڈیٹ کالج کی شویتا پرساد نے کامرس میں بھی 95.6 فیصد کے ساتھ اول مقام حاصل کیا۔ اسی طرح آرٹس کے شعبے میں دھنباد کے پاتھردیہ میں واقع ڈی اے وی پلس-2 ہائی اسکول کی رشیدہ ناز نے 97.8 فیصد نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔