جمشیدپور/رانچی: جھارکھنڈ کے جمشیدپور میں خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) مہم کے دوران تین افغان شہریوں نے مبینہ طور پر ووٹر لسٹ میں اپنے نام درج کرانے کی کوشش کی۔ ایک افسر نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مشرقی سنگھ بھوم کے ضلع انتخابی افسر (ڈی ای او) نے یہ معلوم کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے کہ جمشیدپور مشرقی اسمبلی حلقے کی مسودہ ووٹر لسٹ میں ان تینوں کے نام کیسے شامل ہو گئے۔ چیف الیکشن افسر کے. روی کمار نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کو بتایا، ’’ایس آئی آر کے تحت پوری ریاست میں تصدیق کا عمل جاری ہے۔
موصول ہونے والے گنتی فارموں کی جانچ کے دوران تین ایسے معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں تین مشتبہ افغان شہریوں نے اپنے نام درج کرائے ہیں۔ ہم یہ جانچ کر رہے ہیں کہ ان کے نام ووٹر لسٹ میں کیسے شامل ہوئے اور انہوں نے ابتدا میں کس طرح کے جعلی دستاویزات جمع کرائے تھے۔‘‘ کمار نے کہا کہ افسران یہ بھی جانچ کر رہے ہیں کہ ووٹر لسٹ میں ان کے رشتہ دار کے طور پر کس کا نام درج تھا۔
اس طرح ان کے نام ووٹر لسٹ میں شامل ہونے سے پہلے کے پورے عمل کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں یہ درست طور پر معلوم کرنا ہے کہ یہ دھوکا دہی کس طرح کی گئی اور کیا ان لوگوں نے یہ کام اکیلے کیا یا اس میں دیگر افراد بھی شامل تھے۔ ان معاملات کی تحقیقات پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مناسب قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
‘ مشرقی سنگھ بھوم کے ڈپٹی کمشنر اور ضلع انتخابی افسر راجیو رنجن نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے دھال بھوم کے سب ڈویژنل افسر ارنو مشرا کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ رنجن نے بدھ کو صحافیوں سے کہا، ’’تصدیقی عمل کے دوران ہم نے ان کے پاسپورٹ جانچ کے لیے پاسپورٹ دفتر بھیجے تھے۔ متعلقہ حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ پاسپورٹ رکھنے والے افراد افغانستان کے شہری ہیں۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک شخص کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر دو کے معاملے میں بھی اسی طرح کی کارروائی جاری ہے۔