سری نگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا، جس میں اُن متاثرہ خاندانوں کے مسائل پر غور کیا گیا جن کے قریبی رشتہ داروں کو پاکستان نواز دہشت گردوں نے قتل کر دیا تھا۔ ایل جی نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد دی جائے گی اور ان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جو کئی دہائیوں سے کھلے عام گھوم رہے ہیں۔
ایل جی سنہا نے اعلان کیا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے ایک ٹول فری نمبر جاری کیا جائے گا، اور ترجیحی بنیادوں پر متاثرین کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ڈی سی اور ایس ایس پی کو ہدایت دی کہ جان بوجھ کر دبا دیے گئے معاملات کو دوبارہ کھولا جائے اور ایف آئی آر درج کی جائے۔ ساتھ ہی اُن جائیدادوں کو بھی واگزار کرایا جائے جو دہشت گردوں یا ان کے حامیوں نے قبضے میں لے رکھی ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کو "مدرا یوجنا" کے تحت قرض کی سہولت
لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو ہدایت دی کہ اُن عناصر کی نشاندہی کریں جو دہشت گردی کے نیٹ ورک کا حصہ رہے ہیں، عام کشمیریوں کے قتل میں ملوث تھے اور اب سرکاری اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے اُن افراد کو جو اپنا ذاتی روزگار شروع کرنا چاہتے ہیں، "مدرا یوجنا" کے تحت مالی مدد اور سہولت دی جائے۔
مزید یہ کہ ایل جی نے اعلان کیا کہ متاثرہ خاندانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ایل جی سیکریٹریٹ میں ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا۔ ایسا ہی ایک سیل چیف سیکریٹری کے دفتر میں بھی بنایا جائے گا۔ اس اجلاس میں چیف سیکریٹری اٹل ڈُلو، ڈی جی پی نلِن پربھات، پرنسپل سیکریٹری داخلہ چندرکر بھارتی، پرنسپل سیکریٹری خزانہ سنتوش ڈی ویڈیا اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔