سری نگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو یہاں ڈل جھیل سے ترنگا یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کے بعد کہا کہ عوام کو سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بنیاد پر ایک جدید اور خوشحال جموں و کشمیر کی عمارت تعمیر کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔
سنہا نے یہاں ایک تقریب میں کہا،آج ہمارے عظیم وطن کی کامیابی کا جشن منانے کا دن ہے، لیکن ہمیں اپنے فرائض پر بھی خود احتسابی کرنی چاہیے اور اپنی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانا چاہیے۔ ہمیں فوج، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور پولیس کے اپنے جوانوں کی قربانیوں کی بنیاد پر ایک جدید اور خوشحال جموں و کشمیر کی عمارت تعمیر کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا، ترنگا میرا دھرم ہے، میری طاقت ہے اور میری دھڑکن ہے۔ میری خواہش ہے کہ فرض کی خاطر ہم اس مقدس سرزمین پر بار بار جنم لیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہزاروں لوگ اتحاد، وقار اور مشترکہ شناخت کی علامت قومی پرچم کا احترام کرنے کے لیے اس پروگرام میں فخر کے ساتھ شریک ہوئے۔
سنہا نے اُن بزرگوں اور جانبازوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ترنگے کی شان کو برقرار رکھنے کے لیے قربانیاں دیں۔