نئی دہلی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز شدید بارش، اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ عوامی بنیادی ڈھانچے اور رہائشی مکانات کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور ضروری خدمات کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ڈوڈہ میں بارش سے متعلق مختلف واقعات میں دو افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "میں نے آج سینئر حکام سے بات کرکے شدید بارش، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے اثرات کا جائزہ لیا۔
ڈوڈہ میں دو افراد کی موت پر مجھے گہرا صدمہ پہنچا ہے اور میری تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔" منوج سنہا نے بتایا کہ حساس علاقوں میں قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف)، ریاستی آفات سے نمٹنے والی فورس (ایس ڈی آر ایف)، جموں و کشمیر پولیس اور فوج کی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں اور وہ مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ ان کے مطابق پونچھ، راجوری، ریاسی اور ادھم پور اضلاع میں کئی اہم سڑکیں دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔