جموں وکشمیر:مدارس کے بچے ’ہرگھرترنگا‘مہم میں شامل

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2022
جموں وکشمیر:مدارس کے بچے  ’ہرگھرترنگا‘مہم میں شامل
جموں وکشمیر:مدارس کے بچے ’ہرگھرترنگا‘مہم میں شامل

 

 

احسان فاضلی/سرینگر

آزادی کا امرت مہوتسو جموں وکشمیر میں بھی دھوم دھام سے منایا جارہا ہے۔ 15 اگست کو ہندوستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں، جموں و کشمیر کے لوگ، خاص طور پر بچے، ریلیاں نکال رہے ہیں، ترنگا لہرا رہے ہیں اور ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں شامل ہونے کے لیے جوش و خروش سے انتظار کر رہے ہیں۔

مہم کے ایک حصے کے طور پر، جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ہفتہ کو پونچھ میں ترنگا یاترا کی قیادت کی۔ ان کے ساتھ بی جے پی کے لیڈران اور کارکنان بھی تھے۔ یاترا پونچھ شہر میں گلیوں اور شاہراہوں سے گزری تو کارکنوں اور مقامی باشندوں نے پر جوش نعرے بلند کئے۔

واضح ہوکہ دفعہ "370کے خاتمے کے بعد، اب یہاں ترنگا ایک رجحان بن رہا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اندرابی نے مدرسہ کے بچوں سے خطاب کیا اور ٹویٹر پر یہ ویڈیو پوسٹ کی: سرحدی ضلع پونچھ کے مدرسہ فیضان الاولیاء میں آج کچھ طلباء اور اساتذہ کے ساتھ۔ یہ تبدیلی ان تمام لوگوں کو خراج تحسین ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کے کئی دہائیوں بعد جموں و کشمیر کو علیحدگی پسند بندھن سے آزاد کرانے کے لیے ایک طویل جنگ لڑی۔

 

جموں و کشمیر پر اب خاندانوں کی حکمرانی نہیں ہے بلکہ آئین کے حکومت ہے اور اس کی نمائندگی لٹیروں کے ذریعہ نہیں بلکہ قومی پرچم سے ہورہی ہے۔ اندرابی نے بعد میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کے زیر انتظام مدرسہ فیضان الاولیاء کے زیر اہتمام ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ تقریب میں شرکت کی۔

 

انھوں نے کہا کہ’’میں مدرسہ کے کیمپس کو سینکڑوں قومی پرچموں سے سجا ہوا دیکھ کر خوش ہوں۔ اندرابی نے کہا کہ قومی ترانے کے ساتھ شروع ہونے والی تقریب کا آغاز اور قومی گیت 'سارے جہاں سے اچھا' کے ساتھ اختتام پذیر ہوتے دیکھنا بہت خوش کن تھا۔

انہوں نے کہا کہ بدلتے وقت میں جموں و کشمیر کے مدارس کو بہت بڑی تبدیلی سے گزرنا ہے۔ وقف بورڈ کی چیئرپرسن نے کہا، "مذہبی تعلیم کے علاوہ، ہمیں یہاں پر داخلہ لینے والے طلباء کو سائنسی اور جدید علم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے اور انہیں بہت سی زبانیں سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ہمارے ملک کے نتیجہ خیز اور کامیاب تعاون کرنے والے شہری بن سکیں"۔

انھوں نے ٹویٹر پر پونچھ میں طلباء اور علماء کے ساتھ اپنی بات چیت کی کچھ تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ درخشاں اندرابی نے مدرسہ کے کردار کو وسیع تر نقطہ نظر دینے پر علمائے کرام، اساتذہ اور انتظامی عملے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام مدارس کو تبدیل اور اپ ڈیٹ کیا جائے گا تاکہ ان کو موجودہ دور سے زیادہ متعلق بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے درست کہا ہے کہ ان اداروں کے طلباء کو ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں کمپیوٹر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طلباء کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں ایک ہی وقت میں مذہبی تعلیم کے علاوہ جدید تعلیم اور انگریزی اور ہندی سیکھنے کے لیے تیار رہنے پر آمادہ کیا۔

دریں اثنا، جموں و کشمیر حکومت نے قومی ترانہ گانے کا مقابلہ 2022 بھی شروع کیا ہے جس کے لیے 13 سال سے زیادہ عمر کا کوئی بھی فرد خود کو رجسٹر کر سکتا ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا نے حال ہی میں جموں و کشمیر میں ہر گھر ترنگا مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سینئر افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے افسروں کو آزادی پسندوں کے خاندانوں اور گھروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی جہاں پولیس بینڈ دھنیں بجائیں گے، اس کے علاوہ طلباء، این سی سی کیڈٹس اور این ایس ایس کے رضاکاروں پر مشتمل ایک ہفتہ پربھات پھیری پروگرام منعقد کریں گے جو ہماری جدوجہد آزادی کے ہیروز کی یاد مناتے ہیں۔

ہوم ڈپارٹمنٹ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس کے مختلف ونگز کے تمام دفاتر بشمول تمام پولیس اسٹیشنوں پر ترنگا لہرایا جائے۔ اس کے علاوہ تمام پنچایتوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں میں سوچھتا ابھیان کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہر گھر ترنگا مہم میں عوام کی شرکت کے لیے ضلع، میونسپل کارپوریشن، پنچایت سطح پر ریلیوں کے انتظامات کیے گئے ہیں۔