نئی دہلی: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کے روز ریاست کا درجہ بحال کرنے میں تاخیر پر گہری مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اس معاملے پر پائی جانے والی ’’غصے اور مایوسی‘‘ کی کیفیت صرف مودی حکومت کے خلاف نہیں ہے بلکہ انہیں خود بھی اس کی وجہ سے ’’بہت بڑا سیاسی نقصان‘‘ اٹھانا پڑا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ریاست کا درجہ بحال کرنے میں مسلسل تاخیر سے جموں و کشمیر کے عوام میں مایوسی پیدا ہوئی ہے، جو صرف مرکزی حکومت تک محدود نہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ اس سے ان کی اپنی سیاسی ساکھ کو بھی بڑا نقصان پہنچا ہے، کیونکہ وہ مسلسل ’’ان غلطیوں کی قیمت ادا کر رہے ہیں جو ان کی نہیں ہیں۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کا درجہ جلد بحال کرانے کی امید میں مرکزی حکومت کے ساتھ تعمیری تعلقات قائم کرنے کی ان کی ابتدائی حکمت عملی نے مقامی لوگوں کے درمیان ان کی سیاسی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔ عمر عبداللہ نے ’دی وائر‘ کے صحافی کرن تھاپر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا، ’’میں نے اس کے لیے اپنی بہت بڑی سیاسی ساکھ داؤ پر لگا دی۔ مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ میں اس کا ایک بڑا حصہ کھو چکا ہوں۔‘
‘ انہوں نے کہا، ’’میں ان گناہوں کی سزا بھگتوں گا جو میرے نہیں ہیں، اور میں دوبارہ وہ صلیب اٹھاؤں گا کیونکہ اسے اٹھانا میری ہی ذمہ داری ہے۔‘‘ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کا درجہ ’’مناسب وقت‘‘ پر بحال کرنے کی مبہم مدت پر تنقید کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے اس عمل کو ایسے ہدف سے تشبیہ دی جو مسلسل دور ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’یہ میراتھن دوڑ کی طرح ہے۔ اسے 42 کلومیٹر میں مکمل کرنے کے بجائے جب بھی آپ اختتامی لکیر کے قریب پہنچتے ہیں، وہ اسے مزید آگے کھسکا دیتے ہیں۔‘‘ انہوں نے مرکزی حکومت سے واضح معیار طے کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ان کی حکومت کے سامنے ایک مقررہ ہدف موجود ہو۔ عمر عبداللہ نے اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ جب تک دہشت گردی مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتی، اس وقت تک ریاست کا درجہ بحال نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کام کرنے والے سکیورٹی نظام پر ان کی منتخب حکومت کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس دلیل کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ آپ دراصل ایسی حکومت کو سزا دے رہے ہیں جس کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ جموں و کشمیر میں دہشت گردی اس لیے نہیں ہے کہ وہاں منتخب حکومت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جموں و کشمیر میں اس وقت جو انسداد دہشت گردی نظام کام کر رہا ہے، اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس دلیل کا مطلب دراصل یہ ہے کہ جب پاکستان دہشت گردی کی حمایت بند کرے گا، تب ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔ ان کے بقول، ’’یعنی آپ یہ فیصلہ ہمارے ملک کے دارالحکومت سے ہٹا کر اسلام آباد کے حوالے کر رہے ہیں۔‘‘ انتظامی امور میں پیش آنے والی رکاوٹوں کا ذکر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے اسمبلی والے مرکز کے زیر انتظام علاقے کو ’’بے جوڑ نظام‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسے اہم ادارے اب بھی لیفٹیننٹ گورنر کے دائرۂ اختیار میں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’اسمبلی والے مرکز کے زیر انتظام علاقے سے بدترین طرز حکمرانی کی کوئی اور مثال نہیں ہو سکتی۔ براہ کرم مرکز کے زیر انتظام علاقہ رکھیں، لیکن اسے اسمبلی نہ دیں۔‘‘
عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی کابینہ کو اپنے انتظامی سکریٹریوں کا انتخاب کرنے یا ایڈووکیٹ جنرل کی تقرری کرنے تک کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ آرٹیکل 370 پر اپنا موقف کمزور کرنے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی اختیارات کی کسی بھی تقسیم کے لیے ریاست کا درجہ ایک بنیادی قانونی شرط ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آرٹیکل 370 بنیادی طور پر مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کے درمیان اختیارات کی تقسیم تھا۔ جب آپ ریاست ہی نہیں ہیں تو ریاستی فہرست کیسے ہو سکتی ہے؟ آرٹیکل 370 کی بحالی سے پہلے ریاست کا درجہ بحال ہونا ضروری ہے۔‘‘ مرکزی حکومت کے وعدے کے حوالے سے عمر عبداللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے علاقے کے اپنے دوروں کے دوران ذاتی طور پر ریاست کا درجہ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کے مطابق یہ کوئی عام سیاسی یقین دہانی نہیں بلکہ واضح طور پر ’’مودی کا وعدہ‘‘ تھا۔