جموں و کشمیر : اقتصادی خوشحالی کے لیے بجلی کی پیداوار اور مؤثر ترسیل اہم: عمر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2025
جموں و کشمیر : اقتصادی خوشحالی کے لیے بجلی کی پیداوار اور مؤثر ترسیل اہم: عمر
جموں و کشمیر : اقتصادی خوشحالی کے لیے بجلی کی پیداوار اور مؤثر ترسیل اہم: عمر

 



سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں بجلی کی نجکاری کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد بجلی کے شعبے کو مضبوط بنانا اور اس میں اصلاحات لانا ہے۔ عبداللہ نے کہا، ’’ہم نجکاری کی بات نہیں کر رہے ہیں۔ اگر ہم اپنا خسارہ کم کر لیں، بلنگ کی کارکردگی کو بہتر بنا لیں اور آمدنی میں اضافہ کر لیں تو اس کی کوئی ضرورت نہیں رہے گی۔

میرا وژن جموں و کشمیر میں بجلی کے شعبے کو مضبوط اور بہتر بنانا ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے پیر کی دیر شام ایس کے آئی سی سی میں 58 ویں انجینئرز ڈے کے موقع پر حاضرین سے خطاب کیا۔ یہ پروگرام ہندستان میں انجینئرنگ کے شعبے میں بھارت رتن سر ایم۔ وشویشوریا کے نمایاں تعاون کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی پیداوار اور اس کی مؤثر تقسیم جموں و کشمیر میں اقتصادی خوشحالی کی کنجی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے اقتصادی حالات کو بدلنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ ہمیں بجلی پیدا کرنی چاہیے اور اسے دیگر علاقوں کو بیچنا چاہیے، خاص طور پر اس وقت جب ان کی پیداوار کم ہو۔ لیکن اسے حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے ہمیں بجلی کے شعبے میں خسارہ کم کرنا ہوگا۔‘‘

عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے بجلی کا محکمہ اپنے پاس رکھنے کا فیصلہ اسی لیے کیا ’’کیونکہ اگر ہم واقعی جموں و کشمیر کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں تو سب سے اہم شعبہ توانائی ترقیات محکمہ ہے۔‘‘