نئی دہلی: جموں و کشمیر کے کولگام ضلع میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن اتوار کو دسویں دن بھی جاری رہا، اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرنے کے لیے محاصرے اور نگرانی کو مزید سخت کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک افسر نے بتایا:آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز چھپے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد جنگلی علاقوں میں لڑائی کی اعلیٰ تربیت یافتہ معلوم ہوتے ہیں، اور ڈرون سے بچنے کے لیے گھنے جنگلات کا سہارا لے رہے ہیں۔
یکم اگست کو کولگام کے اخل جنگلاتی علاقے میں شروع ہونے والی اس جھڑپ کے بعد سے فوج کے دو جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ نو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ یہ کشمیر وادی میں حالیہ برسوں کا سب سے طویل انسدادِ دہشت گردی آپریشن ہے۔ جھڑپ میں دو دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں، تاہم ان کی شناخت اور تنظیم کے بارے میں ابھی تک معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نلِن پربھات اور فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما سمیت اعلیٰ پولیس اور فوجی افسران چوبیس گھنٹے آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز جنگل کے علاقے میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کی مدد لے رہی ہیں۔ پیرا کمانڈوز بھی چھپے ہوئے دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے لیے جاری اس آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی مدد کر رہے ہیں۔