جموں و کشمیر: کولگام انکاؤنٹر میں 1 دہشت گرد ہلاک

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-09-2025
جموں و کشمیر: کولگام انکاؤنٹر میں 1 دہشت گرد ہلاک
جموں و کشمیر: کولگام انکاؤنٹر میں 1 دہشت گرد ہلاک

 



کولگام / آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے کولگام کے گُڈار علاقے میں جاری انکاؤنٹر میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ہے۔ اس انکاؤنٹر میں ہندوستانی فوج کے ایک جے سی او بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اس بات کی تصدیق ہندوستانی فوج نے کی ہے۔
 حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے گُڈار جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے بعد تلاشی آپریشن انکاؤنٹر میں تبدیل ہوگیا۔
سری نگر میں قائم فوج کی چنار کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کو خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ہندوستانی فوج، پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے کولگام کے گُڈار جنگل میں مشترکہ تلاشی آپریشن چلایا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ چوکس فوجیوں نے مشتبہ حرکت دیکھی اور دہشت گردوں کو للکارا جس پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ جس کے بعد دونوں جانب سے زبردست فائرنگ ہوئی اور ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر زخمی ہوگیا۔
جموں کے آر ایس پورہ میں پاکستانی شہری گرفتار
بی ایس ایف نے جموں ڈویژن کے آر ایس پورہ سیکٹر میں اتوار کی رات ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ یہ شخص انٹرنیشنل بارڈر پار کرکے ہندوستان میں داخل ہوا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پکڑے گئے پاکستانی شخص کی شناخت سراج خان (29 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے پاس سے 30 پاکستانی روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی کہ جب یہ شخص انٹرنیشنل بارڈر کراس کر رہا تھا، اس وقت بی ایس ایف نے اسے خبردار کرتے ہوئے دو سے تین راؤنڈ فائر بھی کیے لیکن وہ پھر بھی ہندوستانی علاقے میں آ گیا۔ بی ایس ایف نے بتایا کہ سراج خان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کہ اس نے سرحد کیوں پار کی۔