جموں وکشمیر:منریگا150 دن کرنے کی منظوری

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-11-2025
جموں وکشمیر:منریگا150 دن کرنے کی منظوری
جموں وکشمیر:منریگا150 دن کرنے کی منظوری

 



جموں: مرکز نے جموں و کشمیر کے لیے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا) کے تحت ایک شخص کو فراہم کیے جانے والے کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 150 دن کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مرکز کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

زراعت و کسان بہبود محکمہ نے مالی سال 2025-26 کے لیے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کے سیلاب، بادل پھٹنے اور مٹی کے تودے گرنے سے متاثرہ علاقوں میں منریگا کے تحت ہر خاندان کو 100 دن کے علاوہ 50 دن کی اضافی روزگار کی سہولت دینے کی سفارش کی تھی۔

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قدرتی آفات کے سبب عوامی کاموں میں روزگار کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے لیے جموں و کشمیر کے متاثرہ دیہی علاقوں میں ہر خاندان کو 100 دن کے علاوہ 50 دن تک کا اضافی روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سنہا نے منریگا کے تحت روزگار فراہم کیے جانے کے دنوں میں اضافہ کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی دیہی ترقی کے وزیر شیو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے جمعہ کی دیر رات ایک پوسٹ میں کہا، ’’میں وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی دیہی ترقی کے وزیر شیو راج سنگھ چوہان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے قدرتی آفات سے متاثرہ دیہی علاقوں میں معاشی تحفظ بڑھانے کے لیے جموں و کشمیر میں منریگا کے تحت فراہم کیے جانے والے کام کے دنوں کی تعداد بڑھا کر 150 دن کر دی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی 1,962 پنچایتوں کو ’’سیلاب زدہ‘‘ قرار دیا گیا ہے، جس سے وہاں رہنے والے لوگوں کی روزی روٹی پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔