جموں و کشمیر:گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات منسوخ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2021
بڑی خبر
بڑی خبر

 

 

جموں و کشمیر : جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک اہم فیصلے میں یو ٹی کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام باقی ماندہ مضامین کے امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ۔ یوٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے دفتر نے سماجی رابطہ سائٹ ٹویٹر پر جانکاری دیتے ہوئے لکھا " کورونا وبا کے پیش نظر طالب علموں کی حفاظت اور صحت کا خیال رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے سال 2020-21 سیشن کے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام ریگولر اور پرائیوٹ طالب علموں کے باقی ماندہ مضامین کے امتحانات منسوخ کر دئے گئے ہیں۔ " اس سلسلے میں مزید جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن عنقریب ہی طالب علموں کے نتائج مشتہر کرنے اور نمبرات کی اسکیم سے متعلق لائحہ عمل مرتب کرے گا

 یوٹی کے گرمائی زون کے بارہویں جماعت کے طالب علموں نے پہلے ہی 3 مضامین کے امتحانات میں شمولیت کی ہے ۔ جبکہ گیارہوں جماعت کے امتحانات کووڈ وبا کی وجہ سے منعقد کی نہیں ہو پائے تھے۔ آج کے اس فیصلے سے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طالب علموں میں موجود تذبذب اب دور ہو گیا ہے ۔ کیونکہ اس فیصلے کے بعد وہ اگلی جماعتوں کی تعلیم حاصل کرنے کی تیاری میں جٹ سکتے ہیں

واضح رہے کہ جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی طرف سے یوٹی کے گرمائی زون میں دسویں جماعت کے ریگولر اُمیدواروں کے امتحانات پہلے ہی منسوخ کۓ گئے ہیں ۔ ادھر سرکار کی طرف سے یوٹی میں تمام تعلیمی ادارے فی الحال 15 جون تک بند رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں ۔ جبکہ یوٹی کے گرمائی زون جموں میں تمام اسکول 25 جولائی تک گرمائی تعطیلات کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔