ادھم پور: جموں و کشمیر کے ادھم پور میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں سے بھری ایک بس کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہو گئے، جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے اور امدادی و بچاؤ کا کام جاری ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، سی آر پی ایف کی 187ویں بٹالین کی یہ بس ادھم پور ضلع میں کڈوا سے بسنت گڑھ جاتے وقت تقریباً 200 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جب کہ 15 دیگر زخمی ہو گئے۔ بس میں مجموعی طور پر 18 جوان سوار تھے۔
یہ حادثہ آج صبح تقریباً 10:30 بجے پیش آیا۔ بس جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں کڈوا سے بسنت گڑھ جا رہی تھی کہ اچانک گہری کھائی میں جا گری۔ تمام زخمیوں کو ایئرلفٹ کر کے ادھم پور کے فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "ادھم پور کے کڈوا-بسنت گڑھ علاقے میں سی آر پی ایف کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ اس سانحے میں چند جوانوں کی شہادت کی خبر سن کر دل دکھ سے بھر گیا ہے۔
گاڑی میں سی آر پی ایف کے کئی بہادر جوان سوار تھے۔ میں نے ابھی ضلع مجسٹریٹ سلونی رائے سے بات کی ہے، جو ذاتی طور پر حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مجھے مسلسل اپ ڈیٹ دے رہی ہیں۔ بچاؤ کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں۔ مقامی لوگ رضاکارانہ طور پر مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔