سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز ریاست میں لگاتار موسلا دھار بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ریلیف کے اقدامات کو تیز کریں، پانی جمع ہونے والے علاقوں کو فوری طور پر صاف کریں، بنیادی سہولیات کا تحفظ کریں اور ضرورت پڑنے پر لوگوں کے انخلا کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم "ایکس" پر جاری ایک پوسٹ میں کہا گیا: "وزیر اعلیٰ نے آج صبح اجلاس کی صدارت کی تاکہ مسلسل بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر کارروائی تیز کی جائے، پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، بنیادی سہولیات کو محفوظ رکھا جائے، حساس علاقوں میں بروقت انخلا کیا جائے اور فوری امداد فراہم کی جائے۔"
اجلاس میں وزراء جاوید رانا اور ستیش شرما نے جموں کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ وزیر سکینہ اِتو اور مشیر ناصر سوگامی نے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، خطرناک مقامات سے دور رہیں اور محفوظ رہیں۔ ریاست کے مختلف حصوں میں مسلسل موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے، دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے اور کئی اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
راجوری میں مسلسل بارشوں نے سیلابی کیفیت پیدا کر دی ہے جس کے باعث حکام کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈوڈہ کے بھلیسہ اور بھدرواہ علاقوں میں بھی لگاتار دوسرے دن شدید بارش جاری رہی جس سے سیلابی حالات پیدا ہوگئے۔ مسلسل بارش کے نتیجے میں دریائے توی طغیانی پر ہے جبکہ سری نگر میں دریائے جہلم کی سطح میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اسی طرح دریائے چناب بھی بالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے باعث طغیانی پر ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں دریائے چناب کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے جس کے باعث کئی مکانات زیر آب آگئے ہیں۔ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ کئی اضلاع میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ شدید بارش کے باعث سیلاب، زمین کھسکنے اور پانی بھرنے جیسی سنگین صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انتظامیہ نے ریلیف اور بچاؤ کے کام تیز کر دیے ہیں، تاہم اب بھی کئی علاقے خطرے میں ہیں۔ راجوری ضلع کی تحصیل سندربنی میں ایک مکان گرنے سے ماں اور بیٹی کی موت ہوگئی۔ کٹھوعہ ضلع میں رنجیت ساگر ڈیم کا پانی خطرے کے نشان پر پہنچ گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دوپہر بعد یہ حد پار کر جائے گا۔ جموں-سری نگر نیشنل ہائی وے پر اُدھم پور کے گولمیلا علاقے میں شاہراہ کی سرنگ بیٹھ گئی جس سے آمد و رفت بند ہوگئی۔
کٹھوعہ کا بَسوہلی راستہ 12 دنوں سے بند ہے جبکہ لکھن پور-مہان پور راستہ ایک ماہ سے بند پڑا ہے۔ اسی طرح زوجیلا انڈر پاس اور مغل روڈ پر بھی بھوسکھلن کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر بند ہے۔ چناب دریا کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر 36.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور اس میں 2.55 لاکھ کیوسک پانی کا اخراج ہوا ہے۔
جہلم دریا بھی سنگم اور رام منشی باغ میں خطرے کے نشان کے قریب پہنچ چکا ہے۔ کُلگام، پلوامہ اور گاندر بل جیسے علاقوں میں گھروں اور اسکولوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں ریلیف اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔