جمعیت علماء ہند کا مولانا بدرالدین اجمل قاسمی سے وضاحت طلب نوٹس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2026
جمعیت علماء ہند کا مولانا بدرالدین اجمل قاسمی سے وضاحت طلب نوٹس
جمعیت علماء ہند کا مولانا بدرالدین اجمل قاسمی سے وضاحت طلب نوٹس

 



 نئی دہلی : جمعیت علماء ہند نے اپنی اعلان کردہ اصولی اور تنظیمی پالیسی کے تحت مولانا بدرالدین اجمل قاسمی سے حالیہ انتخابی مہم کے دوران ایک فرقہ وارانہ سیاسی جماعت کے ساتھ مبینہ اتحاد اور کھلی حمایت کے بارے میں چوبیس گھنٹے کے اندر تحریری وضاحت طلب کی ہے

جمعیت علماء ہند کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جمعیت نے آزادی کے فوراً بعد سترہ اور اٹھارہ اگست انیس سو اکیاون کو ہونے والی مجلس عاملہ کی تاریخی نشست میں جس کی صدارت مولانا سید حسین احمد مدنی نے کی تھی انتخاب اور ووٹنگ کے حوالے سے ایک واضح اصولی پالیسی منظور کی تھی اور اس پالیسی کی توثیق بعد کی متعدد نشستوں میں بھی بار بار کی جاتی رہی ہے

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ جمعیت کی پالیسی کے مطابق اس کے اراکین اور عہدیداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ کسی بھی فرقہ وارانہ جماعت سے کسی قسم کا تعلق یا سیاسی شراکت یا حمایت نہ رکھیں اور اس کے برعکس انہیں صرف ان سیاسی قوتوں اور جماعتوں کے ساتھ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے جو قومی یکجہتی اور آئینی اقدار اور جمہوری اصولوں اور ملک کی کثرت پسند سماجی ساخت کے تحفظ کی حامی ہوں

جمعیت کے مطابق حالیہ انتخابی مہم میں مولانا بدرالدین اجمل قاسمی کی جانب سے ایک فرقہ وارانہ جماعت کے ساتھ سیاسی اتحاد اور اس کی کھلی حمایت کی بات سامنے آئی ہے جو جمعیت علماء ہند کی اعلان کردہ پالیسی اور اس کے بنیادی اصولوں سے واضح انحراف سمجھا جا رہا ہے

اسی حوالے سے انہیں کہا گیا ہے کہ وہ چوبیس گھنٹے کے اندر اپنا تحریری جواب مرکزی دفتر کو ارسال کریں اور یہ وضاحت کریں کہ یہ قدم کن مقاصد اور کن حالات اور کن بنیادوں پر اٹھایا گیا ہے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر موصولہ جواب تسلی بخش نہ پایا گیا تو تنظیمی ضوابط کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی

جمعیت علماء ہند نے اپنے بیان میں ایک بار پھر دوہرایا ہے کہ وہ اپنے اکابرین کے طے کردہ اصولی موقف اور آئینی اقدار کے تحفظ اور فرقہ وارانہ سیاست کی ہر شکل کی مخالفت کے اپنے مؤقف پر پوری مضبوطی کے ساتھ قائم ہے